اسلام آباد (رانا فرحان اسلم) آئینی ترامیم کا معاملہ، اتفاق رائے کیلئے جمعیت علماء اسلام (ف) نے حکومتی ترامیم کا مسودہ مسترد کردیا۔ جے یو آئی قانون سازی کیلئے اپنا ڈرافٹ تیار کرکے حکومت کو دے گی جس پر مشاورت کے بعد حتمی قانون سازی عمل میں آسکے گی۔ جمعیت علماء اسلام (ف) مجوزہ قانون سازی کے حوالے سے ان دنوں ملکی سیاست میں اہمیت اختیار کر چکی ہے۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی کی جانب سے مولانا فضل الرحمن کی حمایت کے لئے سر دھڑ کی بازی لگائی جا رہی ہے۔ تاہم ابھی تک حتمی فیصلہ نہ ہوسکا ہے۔ جمعیت علماء اسلام نے حکومت کی طرف سے تیار کیا گیا مسودہ مسترد کردیا ہے اور اس حوالے سے جمعیت علماء اسلام (ف)کے آئینی وقانونی ماہرین نے مسودہ تیار کرنا شروع کردیا ہے جس میں حکومت کو تجاویز دی جائیں گی جن پر مشاورت اور اتفاق رائے کے بعد حتمی فیصلہ سازی عمل میں آسکے گی۔ مولانا فضل الرحمن ذاتی مصروفیات کی بناء پر اسلام آباد سے ملتان روانہ ہوگئے ہیں۔ قوی امکان ہے کہ ان کی واپسی پر آئینی وقانونی ٹیم مسودے کا ڈرافٹ ان کے حوالے کرے گی جو حکومت کو دیا جائے گا۔