نئی دہلی(نوائے وقت رپورٹ) بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں عید میلاد النبیؐ کے جلوس پر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے حملہ کردیا، پتھر برسائے اور شرکا کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ بھارت میں مودی سرکار کی پشت پناہی میں اقلیتی حقوق کی کھلم کھلا دھجیاں اُڑائی جا رہی ہیں۔ مودی کے بھارت میں اقلیتیں سکھ، عیسائی اور خصوصی طور پر مسلمان حکومتی جبر اور ہندوؤں کی انتہاپسندی کا شکار ہیں۔ جس کی تازہ مثال مقامی انتظامیہ سے اجازت لینے کے باوجود عید میلاد النبیؐ کے جلوس پر ہندوتوا کے جنونیوں کا حملہ ہے۔ انتہا پسند ہندوؤں نے جے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے جلوس پر پتھراؤ کیا اور مسلمانوں کو لاٹھیوں، ڈنڈوں اور راڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ مقدس دن کے انتہائی محترم جلوس پر ہندو غنڈوں کے حملے سے مسلم برادری میں غم و غصے کا اظہار کیا۔ مقامی مسلم رہنماؤں نے سوال اْٹھایا کہ کیا اب مودی سرکار جلوس پر پتھراؤ کرنے والوں کے گھروں کو بھی بلڈوز کرے گی یا صرف مسلمانوں کے گھروں کو نشانہ بنایا جائے گا؟
بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں بی جے پی کے غنڈوں کا عید میلادالنبیؐ کے جلوس پر حملہ
Sep 19, 2024