بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ کیس ٹومیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری حکم جاری کر دیا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے 3 صفحات پر مشتمل محفوظ فیصلہ جاری کیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی کے مطابق مجسٹریٹ کے لئے 3 دن میں اور سیشن کورٹ کو 5 دن میں ضمانت کا فیصلہ کرنا لازم ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی کے مطابق ہائی کورٹ کو 7 دن میں ضمانت کا فیصلہ کرنا لازم ہے جبکہ سپیشل کورٹ پر سیشن کورٹ کے لئے دیا وقت اپلائی ہو گا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار کے مطابق ان کی درخواستِ ضمانت بغیر وجہ کے التوا کا شکار ہے، درخواست گزار کے وکلا نے ضمانت کی درخواستوں پر جلد فیصلہ کی ہدایت کی استدعا کی ہے۔عدالتِ عالیہ کے فیصلے میں کہا گیا کہ ایف آئی اے کو کیس ٹرانسفر ہونے کے بعد ضمانت کی درخواستیں سپیشل جج سینٹرل کے پاس زیرِ التوا ہیں۔