دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے اے آئی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ تصاویر کی شناخت کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کروانے کا اعلان کر دیا۔
کمپنی کے مطابق اس نئے فیچر کا مقصد آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کردہ گمراہ کن مواد کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔
کمپنی نے بتایا ہے کہ یہ نیا فیچر آئندہ چند ماہ میں صارفین کے لیے دستیاب ہو گا اور اس نئے فیچر کو کولیشن فار کنٹینٹ پرووینس اینڈ اتھنٹیسیٹی (C2PA) کی مدد سے تیار کیا جا رہا ہے جو کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ تصویروں کی شناخت کے لیے مشہور سب سے بڑے گروپس میں سے ایک ہے۔اس نئے فیچر کے تحت اے آئی سے بنی یا ایڈٹ کی گئی تصاویر پر لیبل لگائے جائیں گے تاکہ صارفین کو ان کی حقیقت کا علم ہو سکے لیکن یہ لیبل تصویر کے اوپر نہیں لگایا جائے گا بلکہ ’اباؤٹ دِس امیج فیچر‘ کا آپشن دیا جائے گا جس پر کلک کرنے سے صارفین کو تصویر کی حقیقت کے بارے میں معلومات مل جائیں گی۔
واضح رہے کہ سی 2 پی اے کو بنانے کا مقصد اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کردہ مواد کے لیے ایک نیا اسٹینڈرڈ قائم کرنا اور گمراہ کن مواد کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔
گوگل، ایمازون، مائیکرو سافٹ، ایڈوب، آرم، اوپن اے آئی، انٹیل اور ٹروپک سمیت تقریباً دنیا کی تمام بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے ہی سی 2 پی اے کی حمایت کی ہے لیکن اسے اپنانے کی رفتار تھوڑی سست رہی ہے