اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے آج روس کے نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک نے ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔سرکاری میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نائب وزیراعظم اوورچک ( Alexei Overchuk) اور ان کے وفد کا وزیراعظم ہاؤس میں خیرمقدم کیا۔روسی نائب وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ روس کے ساتھ مضبوط تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیحات میں سے ہیں. پاکستان روس کے ساتھ تجارتی، اقتصادی، توانائی، مواصلات اور سیکیورٹی تعاون کو وسعت دینے کا خواہش مند ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اگلے ماہ اسلام آباد میں روسی وزیر اعظم جناب مشسٹن (Mishustin) کے استقبال کے منتظر ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس سال جولائی کے اوائل میں ان کی صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز بات چیت ہوئی تھی۔ انہوں نے دوطرفہ تعاون میں مزید توسیع پر بات چیت کے لیے اعلیٰ سطح وفد بھیجنے پر صدر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا۔روسی نائب وزیراعظم اوورچک نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور روس کے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور روس کے تعلقات کو تعمیری اور باہمی طور پر مفید قرار دیا۔ دونوں فریقین نے باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔وزیراعظم اور روسی نائب وزیراعظم نے روس اور پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ اس مفاہمتی یادداشت کے تحت مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم میں تعاون کو فروغ ملے گا۔