اسلام آباد: روس کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچک نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری سے روس کے نائب وزیراعظم نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی. جس میں پاکستان اور روس نے دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں ممالک نے علاقائی روابط، تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کےعزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارتی اور علاقائی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا جب کہ دونوں ممالک نے زراعت اور کاروبار جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔اس موقع پر صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان اور روس کے مابین روابط بڑھانے پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے مابین روابط بڑھانا ہوں گے جب کہ براہ راست پروازوں سے پاک روس روابط بڑھائے جاسکتے ہیں۔روس کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچک نے کہا کہ اکتوبر میں روسی وزیراعظم کے دورے سے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔روسی نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ روس تمام مذاہب اور مسلم ثقافت کا احترام کرتا ہے. روس نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی بھی مذمت کی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے بھی روسی نائب وزیراعظم نے ملاقات کی. جس دوران شہباز شریف نے کہا کہ روس سے مضبوط تعلقات خارجہ پالیسی ترجیحات میں شامل ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں کہ پاکستان روس سے تجارتی اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کا خواہشمند ہے. آئندہ ماہ اسلام آباد میں روسی وزیراعظم کے استقبال کے منتظر ہیں۔روسی نائب وزیراعظم نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
علاوہ ازیں روسی نائب وزیراعظم نے تعلقات کو تعمیری اور باہمی طور پر مفید قرار دیا جب کہ فریقین نے باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔