بھوجا ایئرلائن کا بوئنگ طیارہ راولپنڈی میں کورال چوک کے قریب رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا،ایک سو ستائیس مسافرجاں بحق ہوگئے ہیں

Apr 20, 2012 | 18:36

سفیر یاؤ جنگ
کراچی سے اسلام آباد جانے والے بھوجا ایئرلائن کا مسافر طیارہ بوئنگ سیون تھری سیون ایئر پورٹ پر لینڈ کرنے ہی والا تھا کہ خرابی موسم کے باعث چکلالہ کے قریب رہائشی علاقے میں گرکر تباہ ہو گیا ۔ طیارہ گرنے کے بعد ملبے کو مکمل طور پر آگ لگ گئی۔ طیارے کا ملبہ بڑے پیمانے پرعلاقے میں پھیلا ہوا ہے جبکہ عینی شاہدین کے مطابق جائے حادثہ پر ہر جگہ لاشیں بکھری پڑی ہیں۔ جہاز میں عملے کے نو اراکین سمیت ایک سو ستائیس افراد موجود تھے حادثے کے فورا بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں ۔ پاک فوج کی کوئک ری ایکشن فورس سمیت دیگر امدادی ٹیمیں بھی ریسکیو کاروائیوں کیلئے حادثے کی جگہ پر پہنچ گئی ہیں جو ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہے ۔ واقعے کے بعد راولپنڈی اور اسلام آباد کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔ اسلام آباد ایئر پورٹ کو رات بارہ بجے تک بند کر دیا گیا ہے جبکہ حادثے کے شکار مسافروں کے رشتہ داروں کیلئے سول ایوی ایشن نے کراچی ایئر پورٹ پر ایمرجنسی دیسک قائم کر دیا ہے اسکے علاوہ کراچی اور اسلام آباد ایئر پورٹ پر دو آپریشنل روم قائم کر دیئے گئے۔ سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق طیارے کو لینڈنگ کیلئے کلیئر کر دیا گیا تھا، پرواز بی فور دو سو تیرہ کا چھ بجکر چالیس منٹ پر کنٹرو ل روم سے رابطہ منقطع ہوا ۔اسلام آباد میں بھوجا ایئر سٹیشن ماسٹر کے مطابق تجربہ کار کیپٹن نور الدین آفریدی اور کو پائلٹ مشتاق طیارہ اڑانے کے فرائض سرانجام دے رہے تھے ۔بھوجا ایئر لائن نے ڈیڑھ ماہ قبل دوبارہ سے آپریشن کا آغاز کیا تھا اور طیارے کی کراچی سے اسلام آباد آج پہلی پرواز تھی ۔
مزیدخبریں