اسلام آباد (اے پی اے) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کا گرفتاری کے عدالتی حکم کے بعد عدالت سے فرار عالمی میڈیا نے مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے حیرانگی کا اظہار کیا ہے۔ نیویارک ٹائمز نے کہا کہ پرویز مشرف نے ڈرامائی انداز میں فرار ہو کر سب کو دنگ کر دیا، برطانوی اخبار دی گارڈین نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف عدالت سے فرار ہو کر اپنے پرتعیش ولا میں روپوش ہو گئے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ سابق صدر کا عدالت سے فرار ہونا ان کے لئے ایک اور جھٹکا ہے۔ فوجی آمر پرویز مشرف ہمیشہ یہ کہتے تھے کہ وہ جیل جانے سے خوف زدہ نہیں مگر جیسے ہی عدالت نے ان کی ضمانت منسوخ کی تو وہ فرار ہو گئے جو کہ سابق صدر کیلئے ایک اور جھٹکا ہے جن کا اقتدار میں آنے کا خواب کاغذات نامزدگی منسوخ ہونے کے بعد دور ہوتا محسوس ہو رہا ہے۔ نیویارک ٹائمز نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی تاریخ میں کسی سابق آرمی چیف کو ممکنہ طور پر جیل جانا پڑے گا۔