پیر اسلم بودلہ مجیدہ وائیں کے گھر پہنچ گئے، 20 سالہ سیاسی رنجش کا خاتمہ

Apr 20, 2013

میاں چنوں (نامہ نگار) لاکھوں لوگوں کی قربانیاں دینے کے بعد وطن عزیز کا حصول ممکن ہوا۔ نظریہ پاکستان کو سمجھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملک کی موجودہ صورتحال میں تمام مسلم لیگیوں کو اکٹھاکرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار بزرگ مسلم لیگی رہنما بیگم مجیدہ وائیں نے بودلہ ہاﺅس میں پرچم کشائی کی تقریب میں کارکنوں سے خطاب میں کیا، میاں چنوں کی سیاسی صورتحال میں بھونچال، 20 سال سے جاری سیاسی رنجش ختم کر کے دونوں خاندانوں کا ملنا مسلم لیگ (ن) کے لئے خوش آئند ہے۔ عوامی حلقوں کا زبردست خراج تحسین۔ تفصیلات کے مطابق پیر محمد اسلم بودلہ اور بیگم مجیدہ وائیں میں جاری تناﺅ اس وقت ختم ہو گیا جب سابق ایم پی اے رانا بابر حسین اور سابق ایم این اے پیر محمد اسلم بودلہ اچانک بیگم مجیدہ وائیں کے گھر پہنچ گئے اور تمام پرانی رنجشوں کو بھلا کر ملک کی بہتری کے لیے کام کرنے پر اتفاق کیا۔ بودلہ ہاﺅس میں رات پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں بیگم مجیدہ وائیں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر پیر محمد اسلم بودلہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں چنوں مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے، میں بھی پیدائشی مسلم لیگی ہوں میرے والد پیر ثناءاﷲ بودلہ مرحوم اور غلام حیدر وائیں (شہید) دونوں قریبی دوست اور ملک کے عوام کے لئے ایک سچا جذبہ رکھتے تھے آج میں بھی وعدہ کرتا ہوں کہ آئندہ عوام کی خدمت کے لئے خود کو وقف کر دوں گا۔ بیگم مجیدہ وائیں کا میرے گھر میں آکر پرچم کشائی کرنا میرئے لیے اعزاز کی بات ہے۔ آج میں دوبارہ زندہ ہوا ہوں اور بیگم مجیدہ وائیں کی قیادت میں شیر کو جتوائیں گے۔ رانا بابر حسین جاپانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں بیگم مجیدہ وائیں کی دل سے عزت کرتا ہوں اور مجھے اندازہ تھا کہ بیگم مجیدہ وائیں کی بے لوث قیاد ت کے بغیر میرا الیکشن جیتنا مشکل ہے اور آج ہم سب مل کے ملک کو لٹیروں، کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلائیں گے۔ ڈاکٹر غزالہ وائیں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بودلہ ہاﺅس میں مسلم لیگی پرچم دیکھ کر دلی خوشی ہوئی اور میری خواہش ہے کہ یہ پرچم تاحیات ایسے ہی لگا رہے۔ تقریب کے اختتام پر بیگم مجیدہ وائیں نے کہا کہ ملک بچانے کے لئے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔میاں محمد نواز شریف ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔

مزیدخبریں