لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا۔ کوئٹہ سے بہاولپور پرواز کے دوران طیارے کی ونڈ سکرین میں کریک پڑنے سے طیارہ ہنگامی صورتحال سے دوچار ہو گیا۔ پائلٹ کی حاضر دماغی اور بروقت کنٹرول سے رابطہ کرنے اور کنٹرول کی ہدایت پر جہاز کی لاہور میں ہنگامی لینڈنگ ہوئی اور طیارہ بحفاظت لاہور اتر گیا۔ طیارے میں نوازشریف کے ساتھ اور مسلم لیگ (ن) کے ترجمان سینیٹر پرویز رشید نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کوئٹہ سے حاصل پور پرواز کے دوران 20منٹ گزرے تھے کہ پائلٹ کی طرف سے اطلاع دی گئی کہ ہم 35ہزار فٹ کی بلندی پر ہیں اور جہاز کی بیرونی سکرین میں کریک آنا شروع ہو گئے ہیں جو بتدریج بڑھ رہے ہیں جس کے باعث پرواز خطرے میں ہے۔ پائلٹ نے فوری بہاولپور کنٹرول سے رابطہ کیا وہاں سے کہا گیا کہ پرواز کو 9ہزار فٹ کی بلندی پر لائیں اور رفتار جتنی کم کی جا سکتی ہے کم کریں اور لاہور چلے جائیں۔ بہاولپور میں ہنگامی لینڈنگ کے انتظامات نہیں ہیں۔ پائلٹ نے لاہور کنٹرول سے رابطہ کیا اور ہنگامی لینڈنگ کی۔ انہوں نے کہاکہ اللہ کی مہربانی اور عوام کی دعاﺅں سے جہاز بحفاظت لاہور اتر گیا جوکہ خبر سننے کے بعد نوازشریف اور ہماری زندگیوں کے لئے دعائیں کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ حاصل پور کے جلسے میں لاکھوں لوگ موجود تھے جن سے نوازشریف کا خطاب نہیں ہو سکا اب بہت جلد نوازشریف دوبارہ حاصل پور کا پروگرام بنائیں گے اور وہاں کے لوگوں سے خطاب بھی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جس جہاز میں نوازشریف تے وہ زیادہ پرانا نہیں ہے۔