لاہور(حافظ محمد عمران) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر چودھری اختر رسول نے کہا ہے کہ ہاکی کی بہتری کے لئے سب کو ساتھ ملکر کام کرنا ہے، سابق اولمپئنز کا شکر گزار ہوں کہ اُنہوں نے ہاکی کی خاطر تمام گلے شکوے ختم کرکے ہمارا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاح الدین،شہناز شیخ اور دیگر تمام سینئر اولمپئنز کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا، اُن کے گھر جاکر اُنھیں منایا ہے۔ انشاء اللہ سب کو مشترکہ کوششوں سے ہاکی کا سنہری دور واپس لیکر آئیں گے۔ پاکستان کی ہاکی میں فنڈز کی اہم مسئلہ ہے، کوشش ہے بڑے محکموں اور کارپوریٹ سیکٹر کو قومی کھیل میں سرمایہ کاری پر راضی کریں۔ اس مقصد کے لیے رابطے جاری ہیں۔ کھلاڑیوں کی ملازمتوںکا مسئلہ حل ہوسکے گا ۔ ٹیم مینجمنٹ کو تمام تر اختیارات سونپ کر خود مختار بنادیا گیا ہے۔ہم چیک اینڈ بیلنس کا نظام قائم کریں گے۔کھلاڑیوں کو بھی ذمہ داری لینا ہوگی اور غلطیوں پر اُنہیں جواب دہ بنایا جائے گا۔اولمپئن اور بنگلہ دیش ہاکی ٹیم کے کوچ نوید عالم نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو شارٹ کٹ چھوڑ کر مسلسل منصوبہ بندی پر عمل کو یقینی بنانا ہوگا، اور سٹار کھلاڑی پیدا کرنا ہونگے،تب ہی کارپوریٹ سیکٹر سرمایہ کاری کے لئے راغب ہوگا۔ہاکی میں مسلسل عمل شروع ہوجائے تو ہم ہالینڈ اور آسٹریلیا سے آگے نکل سکتے ہیں۔ آئی او سی کا معاملہ فوری طور پر حل ہونا چاہیے۔