لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر وقار یونس قومی ٹیم کی کے ہیڈکوچ کے لئے فیورٹ امیدوار بن گئے ‘پی سی بی نے وقار یونس کو ہیڈ کوچ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق آسٹریلیا میں موجود سابق قومی ٹیم کے کپتان وقار یونس نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے پہلے ہیڈ کوچ کے لیے درخواست جمع کرائی تھی۔ بطور ہیڈ کوچ عہدہ سنبھالنے کے لیے وقار یونس کی اسی درخواست کو شامل کر لیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم نے پی سی بی کی جانب سے بنائی گئی کوچنگ کمیٹی میں شمولیت کے بعد وقار یونس کے نام کی سفارش کی تھی مگر مخصوص لابی کی جانب سے معین خان کے نام کی حتمی منظوری دیدی گئی تھی۔ورلڈ تی ٹونٹی میں ناقص کارکردگی اور پی سی بی کی جانب سے معین خان کو خدا حافظ کہنے کے بعد بورے والہ ایکسپریس ایک مرتبہ پھر سے ـ"فیورٹ امیدوار " کے طور پر سامنے آ گئے ہیں۔پی سی بی چیئرمین قومی ٹیم کی کوچنگ کیلئے ذاتی طور وقار یونس میں دلچسپی لے رہے ہیں جس کا وہ گاہے بگاہ میڈیا سے گفتگو میں بھی کرتے رہے ہیں۔واضح رہے کہ وقار یونس اس سے پہلے بھی کوچنگ کی ذمہ داریاں سر انجام دے چکے ہیں۔ سابق فاسٹ باؤلر کو پہلی بار 2006 ء میں ایک سال کے لیے قومی ٹیم کا بائولنگ کوچ مقرر کیا تھا۔