واشنگٹن (نمائندے خصوصی) گوانتاناموبے میں نائن الیون دھمانوں کی سازش میں مبینہ طور پر ملوث ایک قیدی کا ٹرائل وکیل صفائی کی جانب سے ایف بی آئی کی جانب سے جاسوسی کے الزامات کے بعد مؤخر کردیا گیا ہے۔ امریکی آرمی کے جج کرنل جیمز پول نے ٹرائل کو مؤخر اس بنا پر کیا تاکہ گوانتا ناموبے میں قید رمزی بن الشبہ کی دفاعی ٹیم اس حوالے سے تصدیق کرے کہ آیا ایف بی آئی نے دفاعی ٹیم کے ایک رکن کو مخبری کیلئے تیار کرنے کی کوشش کی ہے۔ جج نے استغاثہ کی جانب سے سماعت کو شیڈول کے مطابق برقرار رکھنے کی درخواست مسترد کردی۔ نائن الیون حملوں کے ہائی جیکرز کو رقوم کی فراہمی کے الزام میں گرفتار یمن کے رمزی کے وکیل جم ہیرنگٹن نے بتایا کہ ایک دفاعی افسر کے ساتھ رابطہ کر کے ایف بی آئی نے ایک معاہدے پر دستخط کرنے کا کہا جج نے اس بات کی انکوائری کیلئے بنیادی کام شروع کردیا کہ کہیں ایف بی آئی کے تحقیقات دفاعی وکلا کے مفادات سے ٹکراتے تو نہیں۔