کراچی (نیوزرپورٹر)چیئرمین عمران خان اور مخدوم شاہ محمود قریشی کی قیادت میں 26اپریل سے 30اپریل تک سندھ جگاﺅ پاکستان بچاﺅریلی کو حتمی شکل دینے کے لیے پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ تین روزہ سندھ کے دورے پر روانہ ہوگئے ۔پہلے مرحلے میں مکلی، ٹھٹھہ اور کوٹری کے پی ٹی آئی رہنماﺅں سے ملاقاتیں اورکارنر میٹنگ میں ریلی کی تیاریوں پر گفت و شنید کی گئی جس میں پارٹی کارکنوں اور رہنماﺅں کی جانب سے تجاویزات بھی پیش کی گئی ۔جبکہ حلیم عادل شیخ نے پارٹی رہنماﺅں کے ہمراہ ٹھٹھہ میں سرکی چوک کا دورہ بھی کیا۔تفصیلات کے مطابق 26اپریل کے روزپی ٹی آئی کے مرکزی رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ہزاروں کارکنوں کے ہمراہ سندھ جگاﺅ پاکستان بچاﺅ کے نام سے کراچی سے ریلی کو نکالا جائے گاجو سندھ کے مختلف اضلاع میں جگہ جگہ تقاریب اور شاندار استقبال کے بعد ہوتی ہوئی 30اپریل کو سکھر پہنچے گی ،جہاں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا عظیم والشان استقبال کیا جائے گا جبکہ وہ ریلی کی قیادت بھی سنبھالیں گے جو مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے ریلی کو کموں شہید تک لیکر جائینگے اور یہاں پر ایک بہت بڑے جلسے سے پارٹی کے چیئرمین عمران خان جلسے سے خطاب کرینگے ۔اس سلسلے میں ریلی کے مجوزہ روٹس اور تیاریوں کے سلسلے کو حتمی شکل دینے کے لیے حلیم عادل شیخ نے تین روزہ دورہ کیا ہے اور اپنے پہلے روز مکلی ،ٹھٹھہ اور کوٹری میں کارکنوں اور رہنماﺅں کے درمیان مصروف ترین دن گزارا ان مقامات پر کارنر میٹنگیں منعقد کی گئی ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ پارٹی کے رہنما نور نبی شاہ ،شبیراحمد،خلیل احمد،عبدالستار،ڈاکٹر اختر،نوراحمد،عرفان جوکھیو بھی موجود تھے ،علاوہ ازیں ٹھٹھہ میں پیپلزپارٹی کے سرگرم رہنماغلام شبیر منجھد نے عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی پی کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی جس کا حلیم عادل شیخ کی جانب سے بھرپور خیر مقدم کیا گیا۔