سود کے خلاف ہیں، اللہ کے نظام کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا: سپریم کورٹ

اسلام آباد (آن لائن ) سپریم کورٹ نے ملک میں سودی نظام کے خاتمہ کے لیے دائر درخواست خار ج کر دی جبکہ دوران سماعت جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ہم سب سودی نظام کیخلاف ہیں، اللہ کے نظام کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔ مقدمہ کی سماعت منگل کے روز جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ سماعت شروع ہوئی تو دلائل دیتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل راجہ ارشاد نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے اس معاملے پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کیا تھا، آئین سازوں نے بھی ملکی معاشی نظام سے سود کے خاتمہ پر اتفاق کیا ہے، آج ملک بین الاقوامی اداروں کے قرضوں میں جکڑا ہے، تمام مسائل معاشی نظام میں سود کے شامل ہونے سے پیدا ہوئے ہیں، دلائل مکمل ہونے کے بعد جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ ہم سب سودی نظام کیخلاف ہیں، اللہ کے نظام کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا، عدالت پہلے ہی اس معاملے پر فیصلہ دے کر شریعت کورٹ میں بھجوا چکی ہے۔ دریں اثنا عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے مقدمہ نمٹا دیا۔

ای پیپر دی نیشن