لیڈی ایچی سن ہسپتال میں چوہوں کے نومولود کو کاٹنے کا وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا

Apr 20, 2016

لاہور (آن لائن+ نیوز رپورٹر) پشاور میں سر کی قیمت مقرر ہونے کے بعد چوہوں نے لاہور کا رخ کرلیا اور لیڈی ایچی سن ہسپتال میں نومولود کا ہاتھ کاٹ کھایا۔ انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے لیڈی ایچی سن ہسپتال کی نرسری میں چوہوں نے ایک نومولود کے منگل کی درمیانی شب ہاتھ پر اتنے زور سے کاٹا کہ بچے کا ہاتھ لہولہان ہوگیا۔ بچے کے ہاتھ کاٹنے کے واقعہ پر لواحقین نے انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔ لواحقین کے احتجاج پر انتظامیہ نے شدید ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا۔ انتظامی افسران نے انتہائی ڈھٹائی سے بتایا کہ بچے کا ہاتھ کاٹنے کا واقعہ کوئی غیرمعمولی بات نہیں ہے بلکہ ہسپتالوں میں اس قسم کے واقعات پیش آنا معمول کی بات ہے۔ لیڈی ایچی سن میں نومولود بچے کو چوہے کے کاٹنے کی خبر کی صداقت کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے لیا۔ دوسری طرف سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے لیڈی ایچی سن ہسپتال میں مبینہ طور پر نومولود بچے کو چوہے کے کاٹنے کے واقعہ کے بارے میں ایم ایس لیڈی ایچی سن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ سیکرٹری صحت نے ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر سلمان شاہد کو واقعہ کی انکوائری کرکے فوری طور پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ دوسری جانب ترجمان محکمہ صحت پنجاب نے واقعہ کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیڈی ایچی سن میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

مزیدخبریں