بھارت: جادو کرانے کے شبہ میں مشتعل ہجوم نے گھر جلا دیا، میاں بیوی بیٹا ہلاک

نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارت کی مشرقی ریاست جھارکھنڈ میں جادوگری کے الزام میں مشتعل ہجوم نے جادو ٹونہ کرنے کے شبے میں ایک خاندان کو گھر میں بند کرکے جلا ڈالا۔ پولیس نے 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔ گزشتہ روز پیش آنے والے اس واقعے میں خاندان کے سربراہ گوادھن بھگت اس کی بیوی اور بیٹا ہلاک ہوگئے۔ مقامی افراد نے اس خاندان پر الزام عائد کیا کہ وہ بچوں کی قربانی کے لئے انہیں اغوا کرتا ہے تاہم پولیس حکام نے بتایا اس قسم کے شواہد نہیں ملے۔ ہلاک ہونے والا گوادھن بھگت ایک بچے کا سر قلم کرنے پر جیل میں سزا کاٹ چکا تھا۔ دوسری جانب بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس نے ایک چھوٹی بچی کو بازیاب کرا لیا ۔ اطلاعات کے مطابق اس کا ایک قریبی رشتے دار اور دو دیگر افراد اس کی قربانی کی تیاری کر رہے تھے۔ خیال رہے کہ جھارکھنڈ میں جادوگری اور خواتین کو ڈائن قرار دے کر قتل کرنے کے واقعات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں۔ گذشتہ سال اگست میں جھارکھنڈ میں حکام کے مطابق ایک گاؤں میں مقامی افراد نے ’ڈائن‘ قرار دے کر پانچ خواتین کو قتل کر دیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن