لندن (اے ایف پی) برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم اپنی 90 ویں سالگرہ کل جمعرات کو منا رہی ہیں۔ ایک نئے سروے کے مطابق ملکہ الزبتھ دوم اب بھی اتنی ہی مقبول ہیں جیسے ہمیشہ سے رہی ہیں۔ ملکہ الزبتھ دوم 63 سال سے زائد عرصے سے برطانیہ کی حکمران ہیں اور ابھی ان کی ریٹائرمنٹ کے امکان نظر نہیں آ رہے۔ تاہم گزشتہ سالوں میں انہوں نے اپنی بعض ذمہ داریاں شاہی خاندان کے دیگر افراد کو منتقل کی ہیں۔ سروے کے 70 فیصد شرکاء نے کہا کہ ملکہ الزبتھ کو جس قدر ممکن ہو حکمرانی جاری رکھنا چاہئے۔ 1981ء کے بعد سے ایسی رائے دینے والے افراد کی یہ سب سے بلند شرح ہے۔ کنگز کالج لندن کیلئے کئے جانیوالے سروے میں شاہی نظام کی تائید میں 76 فیصد افراد نے ووٹ دیا۔ کالج کے پروفیسر راجر مورٹیمور نے کہا ملکہ انتہائی مقبول ہیں وہ اپنی ذاتی حیثیت میں پسند کی جاتی ہیں۔