لاہور/ شیخوپورہ (اپنے نامہ نگار سے+ نامہ نگار خصوصی) لاہور بار نے عدالتوں کو فول پروف سکیورٹی نہ دینے کیخلاف گذشتہ روز مکمل ہڑتال کی۔ ہڑتال کے باعث عدالتوں میں زیر سماعت 15 ہزار کے قریب مقدمات میں آئندہ کی تاریخ سماعت دے دی گئی۔ سیشن کورٹس، ضلع کچہری، کینٹ و ماڈل ٹاؤن کچہری سمیت دیگر ماتحت عدالتوں میں مکمل ہڑتال رہی کوئی وکیل عدالت میں پیش نہ ہوا۔ قتل کے واقعہ کے بعد لاہور بار نے عدالتوں کی سکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ لاہور بار کے سیکٹری شاہد نواب چیمہ نے کہا کہ عدالتوں میں پولیس کی نفری بڑھائی جائے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی سینئر ممبر ممتاز قانون دان عالیہ شہزادی پر قاتلانہ حملہ کیخلاف وکلاء برادری نے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا اور صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میاں پرویز حسین کی قیادت میں کچہری چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں سابق جنرل سیکرٹری رانا زاہد محمود خان ایڈووکیٹ، اظہر حسین شاہ گھگہ ایڈووکیٹ، رانا عدیل انجم ایڈووکیٹ، علی اصغر اعوان، عمیر اصغر ورک، ظہیر احمد ہاشمی، محمد اعظم، ریحانہ زوار گھمن ایڈووکیٹ، مصباح ایڈووکیٹ، صائمہ آصف رانا ایڈووکیٹ، راشدہ پرویز ایڈووکیٹ اور شمیم انور ایڈووکیٹ سمیت سینکڑوں وکلاء نے شرکت کی احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میاں پرویز حسین نے کہاکہ ڈسٹرکٹ بار کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دیگی کہ وہ بار کے معزز ممبر پر حملہ کریں۔ انہوں نے ڈی پی او شیخوپورہ سرفراز خان ورک سے مطالبہ کیا کہ وہ عالیہ شہزادی پر قاتلانہ حملہ کرنیوالے ملزمان کی گرفتاری کیلئے فوری نوعیت کے اقدامات اٹھائیں۔