اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزارت داخلہ نے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں دہشت گردی کے خطرات پر مبنی مراسلہ جاری کر دیا جبکہ جنوبی پنجاب میں سندھ سے مزید دہشت گردوں کے داخلے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق منگل کے روز وفاقی وزارت داخلہ نے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں اہم عمارتوں سمیت دیگر مقامات کو پہلے سے موجودہ دہشت گردوں کی جانب سے نشانہ بنانے کے خطرے سے آگاہ کیا گیا ہے جبکہ اسکے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ جنوبی پنجاب کے راستے سے مزید دہشت گرد لاہور میں داخل ہو سکتے ہیں۔ اس لیے سکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کر دیا جائے جبکہ یہ مراسلہ کور کمانڈر ہائوس لاہور‘ آئی جی‘ ڈی آئی جی اورسی سی پی او آفس کے ساتھ ساتھ دیگر سکیورٹی اداروں کو ارسال کر دیا گیا ہے۔