سٹاک ہوم (آن لائن) سویڈن کی کابینہ میں شامل ترک نژاد مسلمان وزیر محمد قبلان نے یہودی لابی کی مسلسل نفرت انگیز مہم کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ۔عرب ٹی وی کے مطابق سویڈن میں ہاؤسنگ کے وزیر محمد قبلان کے خلاف کچھ عرصے سے ملک کے سیاسی اور ابلاغی حلقوں میں ’یہود دشمنی‘ کے الزامات کی مکروہ مہم چلائی جا رہی ہے جس میں ان کے ایک سابقہ بیان کو بنیاد بنا کرانہیں مورد الزم ٹھہرانے کی مذموم کوشش کی گئی۔ ذرائع ابلاغ میں شائع رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ محمد قبلان نے ایک بیان میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کو نازیوں کے کیمپوں میں ہونے والے قتل عام کے مماثل قرار دیا تھا۔محمد قبلان کے خلاف مہم چلانے والوں میں سٹاک ہوم میں متعین اسرائیلی سفیر اور ملک میں سرگرم یہودی لابی پیش پیش رہی۔سویڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لوفین نے جاری بیان میں ہاؤسنگ کے وزیر محمد قبلان کے استعفے کی تصدیق کی اور بتایا کہ ان کی جگہ ’’انوائرمنٹ پارٹی‘‘ کے ایک دوسرے رکن ببیر بولونڈ کو وزارت ہاؤسنگ کا قلم دان سونپا گیا ہے۔ خیال رہے کہ محمد قبلان کا تعلق بھی اسی جماعت سے ہے۔