شیخوپورہ/ جنڈیالہ شیر خان/ اجنیانوالہ/ جہلم (نامہ نگاران) تھانہ صدر فاروق آباد کے علاقہ اجنیانوالہ سوہل کلاں گائوں میں نامعلوم افراد نے دن دیہاڑے ایک گھر داخل ہوکر دو سگے بھائیوں، انکی بیویوں اور کمسن بیٹوں کے گلے کاٹ دئیے اور فرار ہوگئے۔ سلیم اور ابراہیم، انکی بیویاں اور بچے گھر میں موجود تھے کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے گھر میں داخل ہوکر اہل خانہ کو یرغمال بنالیا اور بڑی بیدردی سے سلیم، اسکی بیوی شرافتہ اور تین سالہ بیٹے امجد کے علاوہ ابراہیم اور اسکی بیوی شمائلہ اور اسکے دوسالہ کمسن بیٹے کی شہ رگ کاٹ دی۔ گھر والے گندم کی کٹائی کرکے کھیتوں سے واپس اپنے گھر پہنچے تو گھر میں گلے کٹی نعشیں پڑی تھی۔ لرزہ خیز واردات کے بعد علاقہ میں خوف کی لہر دوڑ گئی جبکہ ہر آنکھ اشکبار تھی۔ پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے اور نعشوں کو قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال بھجوا دیا تاہم ابتدائی تفتیش کے دوران ایک ہی خاندان کے 6 افراد کے قتل کے محرکات کا علم نہیں ہوسکا۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے سوہل کلاں میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سے رپورٹ طلب کرلی اور انہیں ہدایت کی کہ فی الفور ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے شیخوپورہ میں حالیہ دنوں کے دوران جرائم کی شرح میں اضافہ ہونے پر ڈی پی او کی سرزنش بھی کی ہے۔ جہلم سے نامہ نگار کے مطابق غیرت کے نام پر دیور نے بھابھی، بھتیجی سمیت 4 افراد کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو جہلم ہسپتال پہنچا دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ چوٹالہ کی حدود ڈھوک اعوان لونہ میں غیرت کے نام پر محمد مطلوب نے اپنی سگی بھابھی ریاض بیگم کو کامران کے ساتھ حالت غیر میں دیکھ کر طیش میں آ کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہوگئے۔ پھاگ بی بی اپنی بیٹی ریاض بیگم کو بچانے کیلئے آگے بڑھی تو ملزم نے اسکو بھی فائر مار کر زخمی کردیا۔ اس دوران اقصیٰ جو کہ ملزم کی بھتیجی تھی اس کو بھی شور مچانے پر قتل کردیا۔ اہل علاقہ نے زخمیوں کو جہلم ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ دم توڑ گئے۔ ملزم محمد مطلوب چند روز قبل مسقط سے آیا تھا۔ تاحال مقدمہ درج نہ ہو سکا کیونکہ مقتولہ ریاض بیگم کا شوہر بیرون ملک میں رہتا ہے۔