لاہور/ فیصل آباد/ اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاروں سے) لاہور سمیت ملک بھر میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک میں بدھ کو بھی نے لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی۔ بدترین لوڈ شیڈنگ باعث لوگ رات چھتوں اور گلیوں میں گزارنے پر مجبور ہو گئے۔ بار بار ہونے والی لوڈشیڈنگ کے باعث بیشتر علاقوں میں پانی بھی نایاب رہا۔ نہ بجلی نہ پانی کے باعث لوگوں کے معمولات زندگی شدید متاثر ہو کر رہ گئے۔ گزشتہ روز بھی صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں لوگوں کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا گیا جبکہ کئی شہروں میں دفاتر پر دھاوا بول دیا گیا۔ ملک میں جاری شدید گرمی کے باعث بجلی کی ڈیمانڈ میں مزید اضافہ ہو گیا اور ڈیمانڈ بڑھ کر 19 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی جبکہ پیداوار 10400 میگاواٹ رہی جس کے باعث 8600 میگاواٹ کا شارٹ فال رہا۔ بجلی کی پپداوار اور شارٹ فال میں فرق 2 ہزار سے بھی کم رہ جانے کے باعث نیشنل پاور کنٹرول سنٹر بھی لوڈ مینجمنٹ میں ناکام ہو گیا ہے۔ درجنوں ٹرانسفارمرز بھی جل گئے۔ گزشتہ روز شہروں میں پندرہ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔ ڈسکوز کی جانب سے بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔ ملک میں گرمی کی شدت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ لاڑکانہ میں آگ برسنے لگی، درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ ڈی جی خان، تربت، دادو، بھکر اور سکھر 46 ڈگری سینٹی گریڈ پر جھلستے رہے۔ نواب شاہ اور بہاولپور میں 45، لاہور میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ پر پہنچ گیا۔ فیصل آباد اور ملتان میں 44، حیدر آباد میں 42 اور کراچی 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بجلی کی غیراعلانیہ طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ پر حکومت اور واپڈا کے خلاف تحریک انصاف کے رہنما¶ں کا احتجاجی مظاہرہ، گو نواز گو کے نعرے، ضلع کونسل چوک میں ٹائر جلا کر نعرے بازی کی گئی۔ گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے سے شیخوپورہ،جلالپور جٹاں اور نارنگ منڈی میں 7 افراد جاں بحق اور 3 طلباءبیہوش ہو گئے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق شدید گرمی کی تاب نہ لاتے ہوئے 2 افراد جاںبحق ہوگئے۔ تین طلباءبے ہوش ہو گئے۔ محلہ پیر بخاری میں ضعیف العمر محمد طالب جبکہ قلعہ کالروالامیں اللہ رکھا گرمی کی شدت کے باعث دم توڑ گئے۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ضلع کچہری شیخوپورہ میں ایک 40 سالہ شخص شدید گرمی کے باعث اچانک گر گیا جس کو قریبی راہگیروں نے اٹھانے کی کوشش کی مگر وہ ہوش میں نہ آیا جسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ راستہ میں ہی دم توڑ گیا۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق فیسکو کی غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا عوام کا گرمی سے برا حال۔ ہارون آباد سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اٹھارہ گھنٹے تک پہنچ گیا۔ عوامی معمولات زندگی کو مفلوج کر کے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ بہاول پور سے نامہ نگار کے مطابق بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف پی پی پی بہاول پور آج بروز جمعرات چوک فوارہ پراحتجاجی مظاہرہ اورکیمپ لگائے گی۔ چشتیاں سے نامہ نگار کے مطابق ملک کے دوسرے شہروں کی طرح چشتیاں میں بھی بجلی کی 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد کو پریشانی سے دوچار کر دیا ہے۔ گڑھ مہاراجہ سے نامہ نگار کے مطابق غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 سے 16 گھنٹے پہنچ گیا۔ کمیر سے نامہ نگار کے مطابق کمیر میں 16 سے 18 گھنٹے کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ پاک پتن سے نامہ نگار کے مطابق میپکو کی بدترین لوڈشیڈنگ کےخلاف تاجروں کا انوکھا احتجاج، وزیر پانی و بجلی کا پتلا رکھ نظر آتش، حکومت کے خلاف نعرے بازی، بتایا گیا شہر اور گرد و نواح میں میپکو کی طرف سے جاری بدترین لوڈشیڈنگ کےخلاف مرکزی انجمن تاجران کے صدر حاجی محمد وسیم کی قیادت میں تاجروں نے دربار بابافرید کے قریب چوک فوارہ میں احتجاجی دھرنا دے کر وزیر پانی و بجلی کا پتلا گدھا پر رکھ کر شدید احتجاج کیا۔ سوہدرہ سے نامہ نگار کے مطابق گرمی کی شدت مین اضافہ سے شہری پریشان ہو گئے۔ شورکوٹ چھاﺅنی سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ نے عوام کی چیخیں نکال دیں۔ لوگوں کاشدید احتجاج اور نعرے بازی صرف دن کے وقت 12 سے 15 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ بہاولنگر سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بجلی کی گھنٹوں بندش، پانی نایاب، نماز پڑھنے والوں کا وضو کیلئے تیمم، عوام گرمی سے بلبلا اُٹھے، معصوم بچے پانی پینے کیلئے بلکنے لگے۔ ٹوبہ ٹےک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی غےر اعلانےہ طوےل لوڈشےڈنگ کے خلاف تحرےک انصاف کے زےراہتمام شہباز چوک مےں احتجاجی مظاہرہ کےا گےا۔ گگو منڈی سے نامہ نگار کے مطابق گگو منڈی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ 18گھنٹے تک پہنچ گئی۔ کسووال سے نامہ نگار کے مطابق 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ، پر شہری بلبلا اُٹھے، شہری پانی کی بوند بوند کو ترسنے لگے۔ بھیرہ سے نامہ نگار کے مطابق چار چار گھنٹے کی مسلسل لوڈشیڈنگ پر شہر اور علاقہ بھر کے عوام بلبلا اٹھے ہیں۔ غیر اعلانیہ برقی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔ ڈنگہ سے نامہ نگار کے مطابق 16 گھنٹے روزانہ کی لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی ہے۔ دینہ سے نامہ نگار کے مطابق حکومت لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ کر سکی تو آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ منڈی بہاﺅ الدین سے نامہ نگار کے مطابق بیس گھنٹے کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف تاجر سڑکوں پر نکل آئے۔ پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ، حکومت کے خلاف سینہ کوبی، مردہ باد مردہ باد نواز شریف حکومت مردہ بادکے نعرے، بچے بھی حکومت مخالف نعرے لگاتے رہے۔ شاہ کوٹ سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی گھنٹوں مسلسل لوڈ شےڈنگ، تاجر اور طلبا تنظےمےں احتجاجاسڑکوں پر نکل آئےں مرکزی انجمن تاجران انجمن شہرےاں شاہ کوٹ پی ٹی آئی کی مشترکہ احتجاجی رےلی، مختلف کالجز کے طالبعلم نے منہ پر رنگ ڈال کر شہر کے مرکزی مےلاد مصطفے چوک مےں سےنہ کوبی کرکے انوکھا احتجاج کےا۔ بچیانہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے سے تجاوز کرگیا۔ ہر 15منٹ کے بعد تین تین گھنٹے کی مسلسل لوڈشیڈنگ نے کاروبار زندگی معطل کر دیا۔ ڈونگہ بونگہ سے نامہ نگار کے مطابق گرمی بڑھتے ہی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں بھی اضافہ ہو گیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بجلی کی بندش کا دورانیہ بیس گھنٹے سے تجاوز کرنے سے شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہر میں ایس ای گیپکو کے دفتر کے باہر شہریوں نے روڈ بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے سے بھی تجاوز کرگیا ۔ چھ ماہ بجلی کی کمی کا خاتمہ کرنے والے ووٹ لیکر عوام سے کئے ہوئے وعدے بھول گئے۔ کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق لیبر قومی موومنٹ ، مرکزی انجمن تاجران و دیگر تنظیموں کی احتجاجی ریلی، کمالیہ چیچہ وطنی روڈ بلاک، تھانہ چوک میں دھرنا، ایکسین فیسکو کی یقین دہانی پر مظاہرین کی جانب سے چار روز کی وارننگ۔ احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق 10 گھنٹے کی مسلسل لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کر ڈالا۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں سیالکوٹ، نارووال اور گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ میں لوڈشیڈنگ گجرات اور منڈی بہاﺅالدین کی نسبت اس لئے کم کی جا رہی ہے۔ جلالپورجٹاں سے نامہ نگار کے مطابق جلالپورجٹاں میں چار افراد گرمی کی شدت برداشت نہ کر سکنے کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ سابق کونسلر عبدالغفار انصاری، اقبال عرف کالے خان، عبدالحمید اور مرزا محمد اقبال گرمی کی شدت اور جاری حالیہ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے سے زندگی کی بازی ہارگئے۔ مرحومین کو نمازہ جنازہ کے بعد مقامی قبرستانوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
لوڈشیڈنگ