اسلام آباد/ لاہور (نوائے وقت رپورٹ ) پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کا فیصلہ کچھ بھی ہو، عوام میں جائیں گے۔ تحریک انصاف نے اسلام آباد کی پریڈ گرائونڈ میں بڑے عوامی جلسے کا اعلان کردیا۔ فیصلہ سننے صرف مرکزی قائدین جائیں گے۔ پی ٹی آئی نے کارکنوں کو کورٹ آنے سے منع کردیا۔ ادھر پیپلز پارٹی اور متحدہ نے بھی آج اہم اجلاس بلالئے ہیں۔ تحریک انصاف نے پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد یوم تشکر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کل جمعہ کو یوم تشکر منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یوم تشکر کے لئے ملک بھر سے کارکنوں کودعوت دی جائے گی۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پانامہ پیپرز کیس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ ریاست کو مضبوط اور کمزور بھی کرسکتا ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہوسکتا ہے (آج) جمعرات کو کوئی معجزہ ہوجائے۔ جسٹس منیرسے انوارالحق تک سپریم کورٹ کے فیصلوں پرجوردعمل آیاوہ حالات اورتھے، اب کوئی چیز چھپائی نہیں جاسکتی۔ انہوں نے کہا ماضی کی تاریخ کو دیکھیں تو میرا وژن صاف ہے۔ انہوںنے کہا پانامہ کیس کے فیصلے میں تاخیر سے نظر آتا ہے کہ ججز ڈبل مائنڈڈ تھے۔ خورشید شاہ نے کہا پانامہ ایک مضبوط کیس ہے جس میں ہر ثبوت موجود ہے۔ علاوہ ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ پر حکومتی وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ شاٹ فال 3 سے 9 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ وزیر بجلی بحران کی ذمہ داری موسم پر ڈال رہے ہیں۔ 2018 انتخابات میں عوام ان کو عبرت کا نشانہ بنا دیں گے۔ ایک بیان کے مطابق انہوں نے کہا حکومت لوڈشیڈنگ کے خاتمے سمیت عوام سے کئے گئے اپنے وعدوں کو ایفا کرنے میں مکمل طورپر ناکام ہو چکی ہے۔ توانائی اصلاحات کے نام پر قوم کے ساتھ مذاق کیا گیا۔ توانائی ضروریات پوری کرنے کے لئے شروع کئے جانے والے منصوبوں میں ناکامی حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اس امید کا اظہار کیاہے کہ سپریم کورٹ محض نصیحت نہیں، فیصلہ کرے گی اور یہ ایسا فیصلہ ہوگا جس سے عوام جیت جائیں گے اور کرپشن ہار جائے گی، ہماری جنگ کسی فرد کے نہیں، کرپشن کے ساتھ ہے، عوام کرپشن سے پاک پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عدالت عظمیٰ نے خود کہاہے کہ ایسا فیصلہ دیں گے جسے لوگ طویل عرصہ تک یاد رکھیں گے، لہٰذا ہمیں یقین ہے کہ یہ فیصلہ ملک کی سب سے بڑی بیماری کرپشن کے خلاف ہوگا۔ شیخ رشید نے فیصلہ سننے کے لئے خود سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے وہ تو پانامہ کیس کے فیصلے میں حکمرانوں کو فارغ ہوتا دیکھ رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ عدالت میں پیش کئے گئے ثبوتوں کی بنیاد پر ہمیں وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کی توقع ہے۔
پانامہ کیس کا فیصلہ جوبھی ہو عوام میں جائینگے تحریک انصاف نے اسلام آباد میں جلسے کا اعلان کردیا
Apr 20, 2017