پسرور: 3 برقع پوش بہنوں نے 13 برس بعد بیرون ملک سے آنے والے گستاخی مذہب کے ملزم کو قتل کر دیا

Apr 20, 2017

سیالکوٹ+ پسرور (نامہ نگاران) پسرور کے نواحی گائوں ننگل مرزا میں 3 بہنوں نے 13 برس بعد گستاخی مذہب کے الزام میں ایک شخص فضل عباس کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ برقعہ پوش افشاں، آمنہ اور رضیہ ننگل مرزا میں دم کرانے کے بہانے مظہر حسین سید کے گھر میں داخل ہوئیں اور فضل عباس سے ملنے کی خواہش کی۔ جب فضل عباس سامنے آیا تو اسے گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ تینوں خواتین نے الزام لگایا کہ فضل عباس نے 2004ء میں مذہب کی گستاخی کی تھی۔ ایس ایچ او پسرور سٹی پولیس سٹیشن خالد ڈار نے بتایا کہ 13 برس قبل فضل عباس کے خلاف دفعہ 295 سی کے تحت مقدمہ درج ہوا تھا اور ملزم بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔ ملزم حال ہی میں بیرون ملک سے واپس آیا تھا اور باقاعدہ شامل تفتیش ہوا اور مقامی عدالت سے قبل از گرفتاری ضمانت کرائی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر آصف نے بتایا کہ قتل میں ملوث 3 خواتین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایک بہن فضل عباس سے تعلیم بھی حاصل کرتی رہی تھی۔

مزیدخبریں