اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام 5مئی سے شروع ہونے والی دوسری قائد اعظم گیمز 2017ءمیں 13مختلف کھیلوں کے ایونٹس ہوں گے۔ جس میںملک بھر سے 2ہزار سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی شرکت کریں گی۔ گذشتہ سال10 کھیلوں کے ایونٹس ہوئے تھے جبکہ اس بار تین مزید کھیلوں، ووشو، نیٹ بال اور سوئمنگ کو شامل کیا گیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ بدھ کو پاکستان سپورٹس بورڈ میں ہونے والے ایک اعلی سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں پی ایس بی کے حکام، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، فاٹا اور فیڈرل کیپیٹل اسلام آباد کے علاوہ چاروں صوبوں کے سپورٹس بورڈ زکے حکام نے شرکت کی۔ چیمپیئن شپ ٹرافی اس بورڈ کو دی جائے گی جس کے کھلاڑی سب سے زیادہ میڈلز جیتیں گے۔ ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا نے تمام بورڈز کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ قائد اعظم گیمز کیلئے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیمیں اسلام آباد بھجوائیں۔