رائیونڈ میں سیوریج سسٹم ٹھیک نہ ہو سکا کروڑوں کے فنڈز برباد شہری پانی خریدنے پر مجبور

Apr 20, 2017

رائے ونڈ ( نامہ نگار) رائے ونڈ کے غریب شہری کروڑوں روپے کے فنڈز لگنے کے باوجود گزشتہ 8سال سے سیوریج ملا پانی پی رہے ہیں ،30کروڑ روپے سے زائد کا فنڈ تقریباً برباد کیا جاچکا ہے ، حکومت پنجاب ممبران اسمبلی کو فنڈز دے دیتے ہیں جو کہ آگے اپنے چہیتے کارکنوں کو سپرداری پر حوالے کردیتے ہیں ،لیگی کارکنان نگرانی کی بجائے افسروں سے مل جاتے ہیں۔ اس وقت رائے ونڈ میں ہزاروں افراد قریبی علاقہ راجہ جنگ سے لاکر بیچا جانے والا پانی استعمال کررہے ہیں جو کہ مقامی حکمرانوں کی غفلت اور عوام کی بے حسی کی وجہ سے باقاعدہ کاروبار بن چکا ہے اور عوام سرکاری پانی استعمال نہ کرنے کے باوجود اس کا بل بھی بلدیہ کو ادا کررہے ہیں ، ہمارے سروے کے مطابق شہری روزانہ 5لاکھ روپے زائد کا پانی خرید کر استعمال کررہے ہیں ،جو کہ 100روپے فی ڈرم فروخت کیا جاتا ہے جبکہ سرکاری نلوں سے آنے والا پانی نہ صرف وضو بلکہ نہانے دھونے کے قابل بھی نہیں،صاحب ثروت افراد تو راجہ جنگ نہر سے ایکسپورٹ کیا گیا پانی کئی کئی ڈرم روزانہ خرید سکتے ہیں لیکن ایک عام آدمی جس کے گھر کی دووقت کی روٹی بمشکل پوری ہوتی ہے ،وہ سرکاری نلوں سے آنے والے سیوریج زدہ پانی سے کھانا تیار کرتے اور ہاتھ منہ بھی دھوتے ہیں جو کہ صرف باتھ روم میں استعمال کیا جاسکتا ہے ، اہلیان علاقہ نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے صورتحال کا سخت اور موقع پر پہنچ کر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ یہ صورتحال آج بھی پہلے کے جیسی ہے ۔

مزیدخبریں