کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی عذاب سے عوام کو نجات دلانے کیلئے ہر سطح پر اقدامات کئے جائیں۔ متحدہ رابطہ کمیٹی

کراچی (خصوصی رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے کے الیکٹرک کی دھرمی کے باعث شدید گرمی کے موسم میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور کہا ہے کہ کے الیکٹرک کو کراچی کے عوام پر مسلط کرکے جو سزا دی جارہی ہے اس کا خمیازہ آنے والے وقتوں میں ملک و قوم کو بھگتنا پڑے گا ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شہر کراچی کو بجلی سمیت ہر معاملے میں نظر انداز کرکے ثابت کردیا گیا ہے کہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت شہر کو تباہی کے دہانے پر دھکیلا جارہا ہے اور ایسا مذموم عمل کرنے والے عناصرصرف شہر کراچی ہی نہیں بلکہ ملک کی معیشت اور سا لمیت کے خلاف گھنائونی سازش کررہے ہیں ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کے الیکٹرک نے بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ذریعے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کررکھا ہے اور شہری اپنے کاروبار ، تعلیمی اداروں ، سرکاری دفاتر اورضروری معاملات نمٹانے سے بھی قاصر ہیں اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث اپنے اپنے گھروں کے درہم برہم ہونے والے نظام کو بھی دوبارہ چلانے کے قابل تک نہیں رہے اور ان کے معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہوچکے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ نیپرا نے اپنی تحقیقات میں کے الیکٹرک کو کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار قرار دیدیا ہے لیکن اس کے باوجود کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی اب شہر کراچی ہی نہیں بلکہ ملک بھر کی معیشت کا بھٹہ بٹھانے کی سازش لگتی ہے جس کا فی الفور ازالہ کرنا ارباب اختیار و اقتدار کی ذمہ داری ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے سبب کئی علاقوں میں احتجاج اور مظاہرے کئے جارہے ہیں جس سے شہر میں امن و امان کی صورتحال بگڑنے کا بھی اندیشہ ہے اس سے قبل کہ کراچی اور اس کے عوام تنگ آمد بجنگ آمد کے الیکٹرک کا بائیکاٹ کریں اور اس مَد میں بل دینا بند کر دیں گے‘ الیکٹرک اور حکمرانوں کو اس کا پائے دار اور فوری حل نکال لینا چاہئے اورشہر کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے عذاب سے عوام کو نجات دلانے کیلئے ہر سطح پر اقدامات کئے جائیں۔

ای پیپر دی نیشن