نیب : سعد رفیق‘ سراج درانی کیخلاف تحقیقات کا حکم‘ مشرف کے کاغذات نامزدگی کا ریکارڈ بھی طلب

Apr 20, 2018

اسلام آباد‘کراچی‘سرگودھا (خصوصی نمائندہ‘نوائے وقت رپورٹ‘ایجنسیاں‘نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) نے وفاق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے خلاف شکایات کی جانچ پڑتال کا حکم دے دیا۔ نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سعد رفیق کے خلاف قومی وسائل کے بے دریغ استعمال کا الزام ہے۔ قومی احتساب بیورو کے مطابق قومی وسائل کا بے دریغ استعمال لوکو موٹو کی مرمت والی مشینوں کی خریداری پر ہوا اور سعد رفیق پر ریلوے کی قیمتی اراضی کے قواعد کے خلاف لیز پر دینے کا بھی الزام ہے۔ گزشتہ روز ڈی جی نیب پنجاب نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کی پراپرٹی کے لین دین میں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔ چند روز قبل خواجہ سعد رفیق کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بھی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری طلب کر کے ریلوے میں 60 ارب روپے کی کرپشن کے حوالے سے پوچھ گچھ کی تھی۔چیف جسٹس نے پاکستان ریلوے کا مکمل آڈٹ کرانے کا حکم بھی دیا تھا۔دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) نے سندھ کے سیکریٹری برائے محکمہ بلدیات کے ذاتی سیکریٹری (پی ایس)سے بڑی مقدار میں سونا،پرائز بانڈز، رقم اور دیگر قیمتی اشیا برآمد کرلیں۔ نیب حکام کے جاری بیان کے مطابق نیب نے ملزم رمضان سولنگی کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا اور جمعرات کو احتساب عدالت سے ملزم کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔خیال رہے کہ ان کی نشاندہی پر نیب نے گارڈن کے علاقے میں قائم ملزم کے گھر میں سرچنگ کی، جہاں ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے مختلف مقامات پر غیر قانونی رقم چھپا رکھی ہے۔ نیب کے مطابق ملزم کے گھر سے 3 کروڑ 15 لاکھ روپے مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی، 18 لاکھ روپے مالیت کے پرائز بانڈز، 100 تولہ سونا، زیورات، دیگر قیمتی اشیا اور دستاویزات برآمد کی گئیں۔یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزم بلدیاتی حکومت کے محکمے کے فنڈز میں ہیر پھیر کرنے والے ملزمان کا ایک گینگ بھی چلا رہا تھا۔نیب کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں اور برآمدگیاں متوقع ہیں۔ نیب نے الیکشن کمیشن سے سابق صدر پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ الیکشن کمیشن نے نیب کو پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی کا ریکارڈ دینے کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن جلد ہی پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی کا ریکارڈ نیب کو بھجوا دےگا۔ نیب کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی تحقیقات کےلئے پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی درکار ہیں۔ واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں ریٹرننگ آفیسر قصور نے سابق صدر پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہ اترنے پر مسترد کر دیئے تھے۔ وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا ہے کہ میری کردار کشی کی مہم چلائی جا رہی ہے۔ پہلے آشیانہ سکیم سے جوڑنے کی کوشش کی گئی پھر ایک ہاﺅسنگ سکیم کا مالک بنا دیا گیا، پھر میری اور میرے بھائی کی 40 کنال اراضی کا ڈھول پیٹا گیا، اب ریلوے میں کرپشن کے الزامات کا سامنا ہے۔ ریلوے میں کرپشن کے خاتمے کی سزا بھگت رہا ہوں۔ اینٹی کرپشن سرگودھا نے اسسٹنٹ کمشنر دریا خان ساجد صفدر کو سرکاری خزانے کو ایک کروڑ اکتالیس لاکھ روپے کا نقصان پہنچانے کے جرم میں گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق سال 2015میں آدم جی شوگرملز کو فیکٹو گروپ کو فروخت کیا گیا۔ موجودہ اسسٹنٹ کمشنر دریا خان ساجد صفدر اس وقت سب رجسٹرار دریا خان تعینات تھے جنہوں نے انتقالات کے دوران شوگر مل کی ویلیو کو کم ظاہرکیا اور انتقالات کی فیسوں میں خزانہ سرکار کو ایک کروڑ اکتالیس لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا جس پر اینٹی کرپشن سرگودھا میں انکوائری کے بعد ساجد صفدر کے خلاف مقدمہ نمبر 7/2018 سرگودھا ریجن بجرم 409, 471, 466, 409ت پ درج کیا گیا تھا۔ جبکہ سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور سیکرٹری غلام محمد عمر فاروق کی جانب سے سندھ اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر میں مبینہ طور پر غیر قانونی تقرریوں کی شکایت، ڈی جی نیب کراچی کو آغا سراج درانی کے آمدن سے زائد مبینہ اثاثوں کی بھی جانچ پڑتال، چیئرمین نے سابق سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزین اور ممبر ریونیو بورڈ سندھ شاہ زرشمون کے خلاف چار انکوائریاں اور ایک انویسٹی گیشن اور سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظور قادر کے خلاف خلاف تین انکوائریوں اور دو انویسٹی گیشنز کی رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ نیب نے شاہ زرشمون اورمنظور قادر کو واپس لانے کےلئے انٹرپول کو خط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جبکہ اس کے علاوہ سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے آمدن سے زائد مبینہ اثاثوں کی بھی جانچ پڑتال کا ڈی جی نیب کراچی کو حکم دیا ہے۔
نیب

مزیدخبریں