برطانوی کمپنیاں پاکستان میں 100 ملین پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کریںگی

Apr 20, 2018

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) برطانیہ کی کمپنیاں پاکستان میں 100 ملین پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کریں گی۔ اس سلسلے میں لندن میں پاکستان کے وزیر تجارت پرویز ملک اور برطانوی وزیر تجارت گریگ ہینڈز کے درمیان ملاقات میں ایک سمجھوتہ ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے خصوصی نمائندہ برائے تجارت رمضان رحمان چشتی بھی موجود تھے۔ برطانوی وزیر تجارت کے ساتھ گزشتہ برس ستمبر میں یہ طے ہوا تھا کہ برطانوی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی۔ برطانوی کمپنیاں فیول سٹیشنز اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گی۔ برطانیہ اور ہالینڈ کی مشترکہ کمیٹی شیل پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ پر ایک سو فیول سٹیشن قائم کرے گی۔ کمپنی 2020 تک ان سٹیشنوں کے مقام پر 13 ملین پاؤنڈ صرف کرے گی جبکہ برطانیہ کی کمپنی یونی لیور اپنی پاکستان کی چار فیکٹریوں میں 86 ملین پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کرے گی۔ اس موقع پر برطانوی وزیر تجارت گریگ ہینڈز نے کہا کہ دولت مشترکہ کے ممالک میں خوشحالی اور ترقی کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ پاکستان اس سلسلے میں بہترین مثال ہے۔ پاکستان کی برطانیہ کے ساتھ تجارت میں اضافہ ہو رہا ہے اور برطانوی سرمایہ کاری سے پاکستان میں معاشی ترقی کی شرح بڑھ رہی ہے۔

مزیدخبریں