دمشق‘ ریاض(آئی این پی)شام میں اقوام متحدہ کے ایجنسی کے معائنہ کاروں پر فائرنگ کے بعد ڈوما میں کیمیائی حملے کی تحقیقات ملتوی کردی گئی ، او پی سی ڈبلیو کے ارکان ڈوما میں کیمیائی حملے کی تحقیقات کیلئے پہنچے تھے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی سے متعلق اقوام متحدہ کی ایجنسی او پی سی ڈبلیو کے معائنہ کار منگل کے روز ڈوما پہنچے تھے۔ معائنہ کاروں نے کیمیائی حملے سے متعلق شواہد اکھٹے کرنا شروع کئے تو ان پر فائرنگ کردی گئی۔ معائنہ کار جان بچاکر دارالحکومت دمشق پہنچے اور انہوں نے معائنہ ملتوی کردیا۔او پی سی ڈبلیو کے ترجمان نے کہاکہ وہ حملے پر تبصرہ نہیں کریں گے۔ اس کی وجہ معائنہ کاروں کے کام اور شیڈول کو خفیہ رکھنا ہے۔شام میں کرد فورسز نے شامی نژاد جرمن عسکریت پسند کو گرفتار کر لیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام میں کرد فورسز نے ایک شامی نژاد جرمن عسکریت پسند محمد حیدر زمار کو گرفتار کر لیا ہے۔ زمار کو نائن الیون کے دہشت گردانہ حملے کرنے والوں کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے۔ شام کو کیمیائی مواد برآمد کرنے پر بیلجیئم کی 3کمپنیوں کے خلاف مئی میں مقدمہ چلایا جائیگا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق مقامی حکام کو مطلع کیا گیاتھا کہ بیلجیئم کی 3کمپنیوں نے شام کو زہریلی گیس کی تیاری میں استعمال ہونے والا کیمیائی مواد برآمد کیا ہے تاہم بیلجیئم حکام نے اس رپورٹ کو نظر انداز کردیا تھا۔ اب طے کیا گیا ہے کہ مئی میں ان تینوں کمپنیوں پر مقدمہ چلایا جائیگا۔ شامی دارالحکومت دمشق سے جنوب کی جانب ایک علاقے پر قابض دہشت گرد گروپ داعش کے جنگجوؤں کو علاقے سے نکلنے کیلئے 48 گھنٹے کی مہلت دیدی گئی ۔
شام میں اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں پر فائرنگ، ڈوما کیمیائی حملے کی تحقیقات ملتوی
Apr 20, 2018