لاہور (نامہ نگاروں سے) مختلف اضلاع میںعطائیوں کیخلاف تیسرے روز بھی محکمہ صحت کا کریک ڈائون جاری رہا، متعدد عطائی گرفتار، کلینکس سیل، کئی مقامات پر ملزم چھاپہ مار ٹیموں کو دیکھتے ہی کلینکس چھوڑ کر بھاگ نکلے۔ ناتجربہ کار عطائیوں نے اپنے کلینکس اور سٹورز پر سادہ لوح افراد کو لوٹنے کا ذریعہ بنا رکھا تھا۔شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ضلع شیخوپورہ میں پولیس اورمحکمہ صحت کی ٹیموں نے مختلف دیہاتوں، محلوں اور پوش علاقوں میں گرینڈ آپریشن کرکے متعدد کلینکس، میٹرنٹی ہومز اورفیملی کلینکس کو سیل کرکے عطائی ڈاکٹروں کے خلاف مقدمات درج کروا دیئے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ تحصیل شرقپور شریف ڈاکٹر علی احمد انسانی جانوں سے کھیلنے والے 4 عطائی ڈاکٹروں کے کلینکس سیل کر دیئے۔ ڈاکٹر عمران انور، ڈاکٹر کاشف نے پولیس کے ہمراہ عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے الہلال میٹرنٹی ہوم جوئیانوالہ موڑ، بغیر لائسنس فارمیسی گیلانی ہسپتال، نجمی ہسپتال، ظریف کلینک، ڈاکٹر راحیلہ شاہد ہسپتال، فیملی پولی کلینک اینڈ میٹرنٹی کلینک مانانوالہ، ایمان فیملی کلینک اینڈ سعید ہسپتال فاروق آباد، ڈی ایچ اوصفدر آباد نے گوبند گڑھ میں ذوالقرنین کلینک، قاسم سکنہ رتی ٹبی کی الخدمت فائونڈیشن کو سیل کردیا۔ بچیکی سے نامہ نگار کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شکیل نے محلہ قصاباں میں ارشد کلینک کوسیل کردیا۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد حیدر نے ڈرگ انسپکٹر ڈاکٹر جاویداقبال کے ہمراہ لاہور جڑانوالہ روڈ پر عاشق ہڈی جو ڑ اور اڈہ بجلی گھر میں زچہ بچہ مرکز اور نواحی گائوں بڑا گھر پل پر البرکت ہسپتال کو سیل کر دیا۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے البرکت ہسپتال پر چھاپے کے دوران وہاں موجود الٹرا سائونڈ مشین اور اسقاط حمل کے دوران استعمال ہونے والا سامان قبضہ میں لے کر ان کیخلاف تھانہ بڑا گھر میں مقدمہ درج کروا دیا۔ تحصیل جھنگ میں 30،تحصیل شور کوٹ میں 07، تحصیل اٹھارہ ہزاری کے 04کلینکس اور سٹورز سیل کئے گئے۔ کمرمشانی، ترگ اور دیگر دیہات میں عطائی اور حکیم دکانیں بند کر کے غائب ہوگئے۔ قصبہ گوگیرہ میں شبیر احمد غیر قانونی کلینک چلارہا تھاپولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ بوریوالا میں حفیظ گل ، محمد افتخار ، لیا قت علی ، عمران اور مختارکو اجازت نامہ کے بغیر علاج معالجہ کرنے پر گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے۔ قبولہ کے پرائیویٹ ہسپتال پر اچانک چھاپہ،عطائی گرفتار، ہسپتال سیل۔ نارووال گنج منڈی حسین آباد میں باغ علی پنسار سٹور، کچہری روڈ پر واقع شاہین لیبارٹری کو سیل کر دیا گیا۔ جھبراں میں ایک ہی دن 25سے زائد عطائی نان کوالیفائیڈ ملزموں کیخلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے ہسپتال سیل کردئیے اورمتعلقہ تھانوں میں کیسز بھجوا دیئے۔ عطائی ہسپتال جس میں گیلانی ہسپتال، نجمہ ہسپتال، فیملی پولی کلینک اینڈ میٹرنٹی ہوم ، عذیرہ میٹرنٹی ہسپتال، ایمان فیملی کلینک، الحلال مینڑنٹی ہوم، ڈاکٹر راحیلہ شاہد ہسپتال و دیگر کو سیل کر دیا۔ سانگلاہل میں منڈی مڑھ بلوچاں میں میڈیکل سٹور سیل کر دیا گیا۔ ڈپٹی ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر عمر نواز چٹھہ نے بتایا کہ سانگلاہل میں 150کے قریب عطائیوں کیخلاف آپریشن شروع کر دیا گیا جو بلا تعطل جاری رہیگا۔ شورکوٹ میں عطائیوں کی دو دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ حساس ادارے کی نشاندہی پر محکمہ ہیلتھ کی ٹیم نے پاکپتن روڈ پر الرحمن کلینک سمیت دو ہسپتال اور تین کلینک سربمہر کر دئیے ۔ الرحمن کلینک کے خفیہ تہ خانے سے چارڈائیلسز مشینیں برآمد ہوئی ہیں۔ ان مشینوں کا آپریٹ کرنے والے ہیلتھ ٹیکنیشن خالد کو گرفتار کرلیاگیا۔
عطائیوں کیخلاف تیسرے روز بھی کریک ڈاؤن، کئی مقامات پر ملزم کلینکس چھوڑ کر بھاگ گئے
Apr 20, 2018