ون چائینہ پالیسی کی حمایت کرتے ہیں: نیول چیف، پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرینگے: چینی وزیر دفاع

Apr 20, 2018

بیجنگ (آئی این پی) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے چین کے وزیر دفاع جنرل وی فینگ اور ڈیفنس انڈسٹری کی قیادت سے ملاقاتیں کیں جن میں حالیہ اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی اور سی پیک کو خطے کے لئے خوشحالی اور اقتصادی ترقی کا منصوبہ قرار دیا ۔ جمعرات کو ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے چین کے وزیر دفاع ‘ ریاستی مشیر جنرل وی فینگ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے ون چائنہ پالیسی کی حمایت کا اعادہ کیا۔ چینی وزیر دفاع جنرل وی فینگ نے کہا پاکستان کے بنیادی مفادات کا تحفظ کریں گے۔ پاکستان چین کا ہر مشکل و آسان وقت کا دوست ہے۔ نیول چیف اور چینی وزیر دفاع نے سی پیک کو خطے کے لئے خوشحالی اور اقتصادی ترقی کا منصوبہ قرار دیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے چین کی ڈیفنس انڈسٹری کی قیادت سے بھی ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں حالیہ اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔

مزیدخبریں