لاہور(خبر نگار) رمضان المبارک میں رمضان بازاروں ، مدنی دستر خوانوں اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے تحت دسترخوانوں کے انتظامات پچھلے سال کی نسبت مزید بہتری کے ساتھ کیے جائیں- لاہور ڈویژن میں 62 رمضان بازار لگائے جائیں گے- تمام بازاروں کو 14مئی سے فعال ہونا چاہیے- پرائس کنٹرول کو چست اور فعال کیا جائے تاکہ ناجائز منافع خوروں کو مکمل طور پر قابو میں رکھا جا سکے- ناجائز منافع خوری کرنے والوں کو جرمانوں کے ساتھ ساتھ گرفتاریاں بھی کی جائے- تمام رمضان بازاروں میں سیکورٹی اقدامات کو بہترین پیمانوں پر کیا جائے- پنجاب فوڈ اتھارٹی تمام اضلاع میں مصنوعات کے اصل ہونے کو جانچنے کے لیے ٹیمیں بھیجے- آٹا، چینی، انڈوں ، پولٹری سمیت دیگر پر سبسڈی دی جائے گی- صفائی کے انتظامات کو انتہائی بلند سطح پر مکمل کیا جائے- یکم جنوری 2018 سے 17 اپریل 2018 تک لاہور ڈویژن میں 4143 ناجائز منافع خوروں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ لاکھوں روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے-کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار رمضان انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا- اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈی سی ز، پولیس افسران، حاجی محمد نواز سابق ایم پی اے، ٹی ایم اوز سمیت لائیو اسٹاک، پنجاب فوڈ اتھارٹی، زراعت، پارکنگ کے افسران نے شرکت کی-