پاکستان اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر بات چیت کیلئے امریکی قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری ایلس ویلز پیر کو اسلام آباد پہنچیں گی۔ پاکستانی سفارتکاروں کی نقل و حرکت محدود کرنے کے امریکی فیصلے اور ملٹری اتاشی کرنل جوزف کے معاملے پر گفتگو ہو گی۔ذرائع کے مطابق امریکی قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری ایلس ویلز پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں نئی امریکی پابندیوں اور اسلام آباد میں امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے پاکستانی نوجوان کی ہلاکت کے حوالے سے بات چیت کریں گی۔ ایلس ویلز کا دورہ پہلے سے شیڈول نہیں ہے۔یاد رہے کہ امریکا نے پاکستانی سفارتی عملے پر یکم مئی سے نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ پابندیوں کے بعد پاکستانی سفارتکاروں اور عملے کو سفارتخانے کے چالیس کلومیٹر کے دائرے سے باہر سفر کیلئے امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ سے پیشگی اجازت لینا ہو گی۔