لاہور (خصوصی نامہ نگار)بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات میں بیرونی قوتیں ملوث ہیں ۔یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے کہی۔انہوں نے کہا کہ پہلے 12اپریل کو کوئٹہ کی سبزی منڈی میں بم دھماکے سے بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ، پھر چند روز بعد ہی مسلح دہشت گردوں نے مسافر بس سے لوگوں کو اُتار کر ان کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد 14معصوم لوگوں کو قتل کر دیا ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سرحد پار سے ہمارے دشمن ہماری صفوں میں قومیت ، صوبائیت اور فرقہ واریت کی بنیاد پر دراڑیں ڈال کر ہمیں آپس میں لڑانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے ان اندوہناک واقعات میں ملوث عناصر کی فی الفور نشاندہی کرکے اُنھیں قرارواقعی سزا دی جائے ۔