لاہور(نیوزرپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ2019ء کی منظوری دی گئی اور واٹرایکٹ 2019ء کے مسودے کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت واٹر ریسورسز کمشن قائم کیا جائے گا جس کے چیئرمین وزیراعلیٰ ہوں گے۔ واٹر ریسورسز کمشن پانی کے حصول کیلئے لائسنس کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنائے گا۔ وزیراعلیٰ نے حالیہ بارشوں میں ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے سروے کا حکم دیا اوراسی سروے رپورٹ کی روشنی میں مالی امداد کا فیصلہ کیا جائے گا۔ پنجاب وٹنس پروٹیکشن ایکٹ2018 کی منظوری دی گئیجس کے تحت وٹنس پروٹیکشن بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔ پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے لئے گورنمنٹ گارنٹی اور ڈیٹ اتھارٹی کی مد میں10ارب روپے کے فنڈز کے اجرائ، پنجاب الیکٹرانک سٹامپ پیپرز رولز 2016میں ترمیم کی منظوری دی۔ پنجاب حکومت کے اکاؤنٹس کے بارے میںآڈیٹر جنرل کی سپیشل آڈٹ رپورٹس2016-17 کو کابینہ میں پیش کیا گیا۔پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد رپورٹس کو پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے کو تحصیل کوہ سلیمان کا درجہ دینے کی منظوری دی گئی۔ غازی میڈیکل کالج ڈیرہ غازی خان میں راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کے طلبہ کے لئے 5نشستیں مخصوص کرنے کا اور ساؤتھ پنجاب فاریسٹ کمپنی کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ2012 کے تحت ریڈویسڈ ریٹس سکیم کی اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آبادکیلئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین کی تقرری کی ۔ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے پا پولیشن ویلفیئر پروگرام پنجاب 2017-20کیلئے فنانسنگ، شعبہ صحت اور شعبہ پاپولیشن ویلفیئر کے ڈیوالڈ ورٹیکل پروگرامزکے لئے فنڈز ،ڈینگی کے فوری تدارک کیلئے ریگولیٹری اقدامات کے تحت ٹمپریری ریگولیشنز 2019 ،پنجاب اینیمل ہیلتھ بل2019 ء ، گرانٹ کی شرح میں اضافے اور ماہانہ گرانٹ کی اہلیت کے معیار کے از سر نو تعین کیلئے بناویلنٹ فنڈ رولز میں ترامیم ،720میگا واٹ کے کیروٹ پاور پراجیکٹ کیلئے اراضی کی منتقلی کی منظوری دی گئی،ایل پی جی کی مارکیٹ ویلیو کے مطابق لیکویڈ پٹرولیم گیس کی رائلٹی کے امور کی منظوری دی گئی، ضلع منڈی بہاؤ الدین کے علاقے رسول میں پنجاپ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے قیام،پنجاب سیلز ٹیکس کے سروسز ایکٹ 2012 کے سیکنڈ شیڈول میں ترمیم میں ترمیم کی ۔پنجاب میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ریفارمز ایکٹ 2019 کی بھی منظوری دی گئی،اجلاس میں رمضان پیکیج 2019 کی منظوری دی گئی۔پیکیج کے تحت صوبہ بھر میں 309 رمضان بازار لگائے جائیں گے۔ 2 ہزار کے قریب دسترخوان کا اہتمام کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے زیادہ سے زیادہ سبسڈی دیں گے۔ رمضان المبارک میں ریلیف کیلئے پوری ٹیم متحرک کردار ادا کرے گی۔ اشیائے ضروریہ مارکیٹ کے مقابلے میں رمضان بازاروں میں سستے داموں دستیاب ہوں گی۔اجلاس میں بینک آف پنجاب کے نئے صدر کی تقرری کی۔محکمہ آبپاشی کے انجینئرنگ سٹاف کی تنخواہوں میں اضافے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔تنخواہوں میں اضافے کے کیس کو کابینہ کمیٹی برائے فنانس میں پیش کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء ، مشیران اور معاونین خصو صی تعلیم، صحت اور دیگر اداروں کے دورے کریں۔ عوام کی سہولت کیلئے صحت اور تعلیم کے اداروں کو خوب سے خوب تر بنانا ہے۔ گندم خریداری مہم کیلئے بھی وزراء اور دیگر نمائندے گندم خریداری مراکز کے دورے کریں۔ عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔آئندہ کابینہ کا اجلاس 15 روز بعد ہوگا۔ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے فنانس کے چوتھے ، پانچویں اور 6ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔
پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام ، 309رمضان بازار، 2ہزار دسترخوان لگانے کی منظوری پہلے سے زیادہ سبسڈی ملے گی: وزیراعلیٰ
Apr 20, 2019