پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کنول شوذب اور ملائکہ بخاری کی نا اہلی سے متعلق ایک اور درخواست پر بھی جواب طلب

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی دو خواتین اراکین اسمبلی کنول شوذب اور ملائکہ بخاری کی نا اہلی سے متعلق ایک اور درخواست پر بھی جواب طلب کر لیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی رہنماء طاہرہ بخاری اور شائستہ پرویز کی درخواستوں کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے کی۔ اس موقع پر فاضل عدالت کو بتایا گیا کہ ملائکہ بخاری نے دوہری شہریت جبکہ کنول شوذب نے کاغذات نامزدگی میں معلومات چھپائیں اس لئے دونوں خواتین صادق و امین نہیں رہیں۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے فاضل عدالت سے استدعا کی کہ تحریک انصاف کی دونوں خواتین اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دیا جائے۔ اس پر فاضل جسٹس نے پی ٹی آئی کی دونوں اراکین اسمبلی سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 13 مئی تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر دی نیشن