وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اورنوازشریف کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں اورعمران خان کو پانچ سال پورا کرتے ہوئے دیکھ رہا ہوں،ملک میں پارلیمانی نظام چل رہا ہے ہمیں اسی آئین کو آگے لے کرچلنا ہے۔وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمرجتنی محنت کرسکتے تھے انہوں نے کی، اسد عمرنے خود استعفی دیا جبکہ کابینہ سے صرف ایک وزیر کو نکالا گیا، جس پر طوفان کھڑا کر دیا گیا، کپتان نے فیصلہ کرنا ہے کس کو کہاں کھڑا کرنا ہے، اسد عمر نے بہت محنت کی مگر کپتان کا فیصلہ بہرحال درست ہے، عمران خان جب حکومت میں آئے خزانہ نام کی کوئی چیز نہیں تھی۔ اسد عمرکے پاس جا کردرخواست کروں گا کہ وہ کابینہ کا حصہ رہیں پورٹ فولیوکی کوئی حیثیت نہیں تاہم عبد الحفیظ شیخ بھی بہت محنتی اورقابل شخصیت ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری اورنوازشریف کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، گیس بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نوازشریف اورزرداری کی وجہ سے ہے۔ ملک کوچوروں، ڈاکوں نے اتنے برے طریقے سے لوٹا کہ اگرمیں وزیراعظم ہوتا تواس خالی خزانے کا کیا کرتا، عمران خان کو5 سال پورا کرتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، جس پر نیب کے کیسزہوں گے عمران خان اس کوبرداشت نہیں کریں گے۔ ملک میں پارلیمانی نظام چل رہا ہے ہمیں اسی آئین کو آگے لے کرچلنا ہے۔شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ملک سرحدوں پرحملوں سے نہیں بلکہ معیشت تباہ ہونے سے ٹوٹتے ہیں روس کے ٹوٹنے کی بنیادی وجہ معیشت کی تباہی تھی۔ آئی ایم ایف پروگرام کے بغیرملک نہیں چل سکتا، میں نے پہلے دن سے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے بغیر کوئی چارہ نہیں۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان ریلوے معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، کراچی سے پشاور تک ایم ایل ون (مین لائن ون)پر وزیراعظم کی موجودگی میں چین میں دستخط ہوں گے، ایم ایل ون میں ٹرین کی سپیڈ کم سے کم 160کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی، ایم ایل ون کے بعد کراچی اور لاہور کے درمیان 8گھنٹے کا سفر ہو جائے گا، ریلوے کے نئے منصوبوں سیمزید ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو نوکریاں دینے جا رہی ہے، 24تاریخ کو ریلوے کا بجٹ دوں گا۔