کراچی (نوائے وقت رپورٹ، نیٹ نیوز) کراچی پولیس اور حساس ادارے نے کراچی میں مشترکہ کارروائی کرکے القاعدہ برصغیر کے 4 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی عرفان بہادر کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق القاعدہ برصغیر سے ہے۔ مبینہ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، دستی بم، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا۔ گرفتار مبینہ دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ ہیں۔ گرفتار دہشت گردوں نے کئی حساس مقامات کی ریکی کررکھی تھی۔ نیٹ نیوز کے مطابق محمد عمر، محمد بلال، محمد وسیم اور محمد عامر سے 10 ڈیٹونیٹر، ریموٹ اور ریسیور برائے آئی ڈی، بونا کارڈ، 3 ہینڈ گرینڈ اور 2 کلاشنکوف برآمد ہوئیں۔ ایس ایس پی سی آئی اے کے مطابق چاروں ملزمان کراچی میں بڑی تخریب کاری کرنا چاہتے تھے، انہوں نے سٹی کورٹ، پولیس ٹریننگ سینٹر، پاکستان سٹاک ایکسچینج اور حساس اداروں کے دفتروں کی ریکی کر رکھی تھی۔