مساجد،مدارس انتظامیہ کو ریلیف پیکج نہ دینا، بدترین حکومتی بے حسی :زبیر احمد ظہیر

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سر براہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہاکہ مساجد اور مدارس کی انتظامیہ کیلئے کسی قسم کے ریلیف پیکج کا اعلان نہ کر نا بدترین حکومتی بے حسی ہے ، کیاپوری قوم کو اللہ اور اسکے رسول ﷺکا راستہ بتانے والے علماء اکرام اور مداس کے اسا تذہ موجودہ حالات میں کسی حکومتی امداد کے مستحق نہیں ؟کیا یہ لوگ پاکستانی شہری نہیں؟ کیا انکے انسانی وبنیادی حقوق نہیں ؟کیاکرونا بحران کی وجہ سے یہ لوگ مشکلات کا شکار نہیں ہوئے؟ مساجد اور مدارس کو بجلی اور گیس کے بلوں میں بھی کسی قسم کی رعایت نہ دینا بھی حکمرانوں کے اصل چہرے کو بے نقاب کر رہا ہے۔ وہ اتوار کے روز اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے ہنگامی اجلاس کے بعد ڈاکٹر سید طالب الر حمن شاہ زیدی 'پروفیسر مولانا فیاض احمد سلفی اور مولانا محمد عبداللہ صدیقی مولانا عبد الستار نیازی ،رانا محمد آصف اور میاں محمد اصغر اور قاری محمد اکرام الٰہی ظہیر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سر براہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ علماء اکرا م، انبیاء اکرام کے وارث اور مر کز علم وعبادت میں کام کر نیوالے معز زترین لوگ ہیں اور حکومت جو بھی اچھا کام کرتی ہے اس کا ساتھ دینا ہمارا دینی ایمانی اور اخلاقی فر یضہ بھی ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں حکومت نہ صرف مساجد اور مدارس کیلئے راشن کی فراہمی کا فوری آغاز کر ے بلکہ مساجد اور مدارس کے بجلی اور گیس کے بھی کم ازکم 3ماہ کے بل معاف کیے جائیں ہم ملک وقوم کی خاطر حکومت اور حکومتی اداروں کا ساتھ دے رہے ہیں حکومت بھی ذمہ داری کا مظاہر ہ کر ے ہم کرونا سے بچائو کیلئے جو بھی حکومتی اقدامات ہیں ان پر مساجد اور مدارس میں مکمل عمل کیا جائیگا۔

ای پیپر دی نیشن