کراچی (نیوزرپورٹر) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمدعمران عطاری نے کہا ہے کہ جو اللہ اور روز قیامت پر ایمان رکھتا ہے وہ اپنے پڑوسی کو ہرگز تکلیف نہ دے،وہ مومن کامل نہیں ہوسکتا جس کی برائی سے اس کا پڑوسی محفوظ نہ ہو،اگر چہ ہر مسلمان کواپنے شر سے بچانا ضروری ہے مگر پڑوسی کو شر سے بچانا بہت ضروری ہے کیونکہ اس سے ہر وقت کام رہتا ہے اور ہمارے حسن اخلاق کا زیادہ مستحق ہے،اگر پڑوسی رشتہ دار بھی ہے،مسلمان بھی ہے تو اس کے تین حقوق ہیں،ایک حق رشتہ داری،دوسرا حق پڑوس اور تیسرا حق مسلم،اگر وہ پڑوسی رشتہ دار نہیں ہے تو بھی دو حق ہیں حق مسلم ا ور حق پڑوس اور اگر وہ مسلمان نہیں ہے تو ایک حق،حق پڑوس ہے،ہمیں اس بات کی کوشش کرنی ہے کہ ہمارے پڑوسی کو ہم سے تکلیف نہ ہو،اگر آپ کا پڑوسی غیر مسلم ہے تو ہوسکتا ہے آپ کے حسن اخلاق کی وجہ سے وہ مسلمان ہوجائے لہٰذااچھے پڑوسی بنیں،ایسے پڑوسی بنیں کہ آپ کے پڑوسی آپ کی تعریف کریں،آپ سے دعائیں کرائیں۔نگران شوریٰ نے کہا کہ نیک پڑوسی کی وجہ سے سوگھروں سے آفتیں دور ہوتی ہیں،نیک شخص کی قبر سے مردوں پر بھی رحمتیں نازل ہوتی ہیں،بعض نادان خوب شور وغل کرتے ہیں اور پڑوسیوں کو تکلیف پہنچاتے ہیں،چھوٹے بچے اور بزرگوں کی نیند خراب ہوتی ہے،شادی بیاہ کے موقع پر کھلے عام فائرنگ ، تیز آواز میں میوزیکل پروگرام کئے جاتے ہیں،آس پاس والوں کو تکلیف ہوتی ہے،ہماری عادات واطوار،کردارواخلاق سے ہمارے پڑوسی کو تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔
پڑوسیوں کو کسی صورت تکلیف نہ دی جائے، مولانا محمد عمران عطاری
Apr 20, 2021