پاکستان امن پسند ملک‘ مذہبی، تاریخی نوادرات دیکھ کر سکون ملا : ڈاکٹر والپولا کیاندہ 

لاہو ر( نیوز رپورٹر)ڈاکٹر والپولا کیاندہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے ،یہاں آ کر ہمیں بہت خوشی ہوئی اور اپنے مذہبی تاریخی نوادرات کو دیکھ کر جو سکون ملا وہ بیان سے باہر ہے۔ یہ باتیں وفد کے سر براہ نے لاہور میوزیم میں دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیں۔ڈاکٹر والپولا کیاندہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کچھ عرصہ پہلے جب سری لنکا کا دورہ کیا تو انہوں نے ہمیں دعوت دی تھی کہ پاکستان میں بدھا کی جو مذہبی نشانیاں مو جود ہیں انہیں آ کر دیکھیں اور مذہبی سیاحت کو فروغ دیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے یہاں ہر فرد کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے،ہمیں کسی قسم کی کوئی مشکل پیش نہیں آئی بلکہ ہماری سوچ سے بھی بڑھ کر ہمیں پیار اور محبت ملی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بدھا مذہب کا پوری دنیا کیلئے پیغام ہے کہ اس بیماری کے ایس او پیز کا خیال رکھیں، صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور ایک دوسرے کی مدد کریں۔ اس موقع پر وفد کے ایک رکن نے کہا کہ اگر ویزے کی سہولت میسر ہو جائے تو بہت سے لوگ سری لنکا سے پا کستا ن آنا چاہتے ہیں جس سے دونوں ملکوں کی سیاحت کے علاوہ ثقافت کو بھی فروغ ملے گا اور دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ اس سے قبل لاہور میوزیم کے ڈائریکٹر اعجاز احمد منہاس نے سری لنکن ما کس کو لاہور میوزیم کا دورہ کرایا اور ان کے مذہبی تاریخی نوادرات بھی دکھائے۔ اس موقع پر وفد میں وینرایبل اڈو، وے ڈھمالوکا ٹھیرو، ڈاکٹر اسیلہ ، ویکرماسنگھے اور سیکنڈ سیکرٹری پاکستان ہائی کمیشن کولمبو مس عائشہ بھی شامل تھیں۔

ای پیپر دی نیشن