لاہور( خصوصی نامہ نگار)قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ افراد اور پروفیشنلزال اپنے علم اور ہنر کو دوسروں تک پہنچائیں، علم واحد دولت ہے جو خرچ کرنے سے بڑھتی ہے، تعلیم یافتہ اور ہنر مند نسل پروان چڑھانے کیلئے پڑھے لکھے افراد کو اپنا دینی، و قومی کردار ادا کرنا ہو گا۔ دوسروں کو علم اور ہنر دینا بہترین عمل ہے۔ اس کا اللہ کے ہاں بڑا اجر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے فارغ التحصیل سکالرز کی طرف سے منعقدہ منہاجینز ڈے کے موقع پر خصوصی تقریب سے آڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے سکالرز پاکستان کے اندر اور باہر فروغ علم کیلئے مثالی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ یہ سکالرز منہاج القرآن کا سرمایہ ہیں اور تحریک کے پرامن نظریہ اور فکر کے تسلسل کے امین ہیں۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، صدر منہاجینز فورمز ڈاکٹر نعیم انورنعمانی، شہزاد رسول، جواد حامداور عابد بشیر قادری نے خطاب کیا۔ تقریب میں ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، محمد حسین شاہین ایڈووکیٹ، محمد عباس نقشبندی، علامہ رانا محمد ادریس، رفیق نجم، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود نے شرکت کی۔ پاکستان کے 60سے زائد شہروں سے منہاجینز نے تقریب میں آن لائن شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ علم اور تجربے کی روشنی میں دوسروں کو تربیت دیں گے۔
تعلیم یافتہ افراد اور پروفیشنلز ہنر کو دوسروں تک پہنچائیں:ڈاکٹر طاہرالقادری
Apr 20, 2021