لاہور(نامہ نگار)پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت کی پالیسیاں ناقابل فہم ہیں ۔انٹر نیٹ کی بندش سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔موبائل انٹر نیٹ سروس بند ہونے سے بچوں کو آن لائن کلاسز لینے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ جبکہ لوگوں کے کاروبار بھی متاثر ہورہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں ردو بدل سے عوام کو ریلیف نہیں مل سکتا۔قوم کو تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوئی پالیسی نہیں ہے عوام کے مسائل میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ دو نہیں ایک پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کو صرف مایوس ہی کیا ہے۔