نیب نے نواز شریف کی تمام جائیدادیںنیلام کرنے کا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد (نامہ نگار) نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی تمام جائیدادیں نیلام کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ترجمان کے مطابق نیب جائیداد نیلامی کیلئے احتساب عدالت میں درخواست دائر کرے گا۔ نیب ذرائع نے کہا ہے کہ نواز شریف کو عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری قرار دیا تھا۔ ایس ای سی پی کے مطابق نواز شریف کے چار کمپنیوں میں شیئرز ہیں۔ نواز شریف کے مختلف نجی بینکس میں 3غیر ملکی کرنسی سمیت 8 اکاؤنٹس شامل ہیں۔ سابق وزیراعظم کے 5 بنک اکاؤنٹس میں 6لاکھ 12ہزار روپے موجود ہیں۔ غیر ملکی کرنسی والے اکاؤنٹس میں 566یورو، 698امریکی ڈالرز اور 498برطانوی پائونڈز موجود ہیں۔ نیب رپورٹ کے مطابق نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام لاہور، شیخو پورہ ، مری اور ایبٹ آباد میں جائیدادیں، چھانگلہ گلی ایبٹ آباد میں 15کنال کا مکان اور اپر مال لاہور پر جائیداد شامل ہیں۔ نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام 1752کنال سے زائد زرعی اراضی، لاہور کے موضع مانک میں 936کنال، موضع بڈوکسانی میں 299کنال زرعی اراضی سمیت دیگر شامل ہیں۔ محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں نواز شریف کے 4لاکھ 67ہزار 950شیئرز ہیں۔ حدیبیہ پیپر ملز میں نواز شریف 3لاکھ 43ہزار 425شیئرز کے مالک اور حدیبیہ انجینئرنگ کمپنی میں نواز شریف کے شیئرز کی تعداد 22ہزار 213ہے۔ اتفاق ٹیکسٹائل ملز میں نواز شریف 48ہزار 606شیئرز کے مالک ہیں۔ ایل ڈی اے، لاہور اور شیخو پورہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، مری کے اسسٹنٹ کمشنر اورگلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بھی رپورٹ دی۔ نیب رپورٹ کے مطابق لاہور کے موضع مال رائے ونڈ میں 103کنال، موضع سلطانکے میں 312کنال اراضی اورضلع شیخو پورہ کے موضع منڈیالی میں 14کنال اور موضع فیروزوطن میں 88کنال اراضی شامل ہے۔

ای پیپر دی نیشن