کورونا مریضوں کیلئے جنرل ہسپتال کو مزید 15 وینٹی لیٹرز مل گئے

پنجاب حکومت نے کورونا کی موجودہ صورتحال اور ہسپتالوں پر آنے والے دباؤ کو کم کرنے کے لئے لاہور جنرل ہسپتال کو مزید15وینٹی لیٹر ز فراہم کر دیے ہیں جو مہلک وبا میں مبتلا مریضوں کے لئے راحت کا پیغام ثابت ہوگا۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے تشویشناک حالت میں مبتلا مریضوں کو ریلیف ملے گا کیونکہ بر وقت وینٹی لیٹر پر منتقل کرنے سے مریض کی بحالی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور حکومت نے اس سلسلے میں انتہائی مثبت اور بر وقت قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنرل ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں علاج معالجے کی غرض سے معمول کے مطابق 2ہزار سے زائد مریض روزانہ آتے ہیں جن کے بلڈ پریشر اور ٹمپریچر کو چیک کرنے کے لئے خصوصی کاؤنٹر قائم کر دیا گیا ہے جہاں 24گھنٹے میڈیکل سٹاف تعینات ہوگا تاکہ وہاں آنے والے شہریوں کو غیر ضروری ذہنی کوفت اور پریشانی سے بچایا جا سکے۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے مزید بتایا کہ اکثر مریض کورونا کے مشتبہ کیس ہوتے ہیں جنہیں متعلقہ شعبے میں ریفر کر کے اُس کی تصدیق عمل میں لائی جاتی ہے۔پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ کورونا کی تیسری لہر ماضی سے زیادہ خطرناک اور گھمبیر ہے جس سے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف انشاء اللہ اپنی پیشہ وارانہ محنت سے نمٹیں گے۔
 انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہدایات پر کورونا سے متاثرہ مریضوں کے لئے خصوصی وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں لیکن ہسپتال میں کی جانے والی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بناناہوگا۔پروفیسر الفرید ظفر نے اپیل کی کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ویکسی نیشن کی مفت سہولت حاصل کرتے ہوئے ہمیں اپنے آپ کو محفوظ بنانا چاہیے اور کوروناکے خطرے سے دور رہنا چاہیے۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق،ڈاکٹر شیراز نیازی،انور سلطانہ، صدف رفیق، حافظہ کلثوم،آمنہ اوررانا پرویز و دیگر بھی موجود تھے۔ 

ای پیپر دی نیشن