اسلام آ باد (وقائع نگار ) اوگرا چیف تقرری کیس میں راجہ پرویزاشرف اوریوسف رضا گیلانی کی بریت عدالت میں چیلنج کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے اسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی بریت کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی۔ نیب کی جانب سے دائر اپیل میں سکندرحیات ماکن، جاوید نذیر، شوکت حیات درانی اور تو قیر صادق کی بریت کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔ نیب نے عدالت سے سترہ مارچ کا احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔ نیب کی جانب سے یہ بھی استدعا کی گئی کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ٹرائل کے ذریعے کیس ثابت کرنے کا موقع دیا جائے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر اپیل میں یہ بھی کہا گیا کہ احتساب عدالت نے حقائق کو نظر انداز کیا۔ ٹرائل میں شواہد کے ذریعے کیس ثابت کرنا استغاثہ کا حق ہے۔ نیب نے اپیل میں موقف پیش کیا کہ احتساب عدالت نے شواہد کے ذریعے کیس ثابت کرنے کا موقع نہیں دیا۔ احتساب عدالت جرم کا جائزہ لیے بغیرغیر ضروری جلد بازی میں فیصلہ سنایا۔