سفارتی پاسپورٹ نواز شریف کا حق اب آئین شکن گھڑی چور جیل جائیں گے وزیر داخلہ 

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سینٹرل جیل کے حاضری رجسٹر کا صفحہ پلٹ چکا ہے اور اب آئین شکن اور گھڑی چور جیلوں میں جائیں گے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھاکہ مجرم چار سال ملک پر مسلط اور بے گناہ جیلوں میں رہے، اللہ تعالیٰ نے اپنے کرم سے بے گناہوں کو عزت دی اور سرخرو کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت کا نظارہ آج عوام کو دکھایا ہے، دوسروں کو رسوا کرنے کی کوشش کرنے والے خود خوار ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اب آئین شکن اور گھڑی چور جیلوں میں جائیں گے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سفارتی پاسپورٹ نواز شریف کا حق ہے اور انہیں جاری کیا جائے گا۔ رانا ثناء اللہ نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی سکیورٹی کے معاملات پر بریفنگ لینا ہے پھر مربوط پالیسی بنائیں گے، مجھ پر منشیات کے جھوٹے مقدمات بنائے گئے انکی تحقیقات کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہر ایک کو اپنی بات کرنے کی آزادی ہے مگر دوسرے کی آزادی کا خیال رکھنا ہوگا، جہاں دوسرے کی آزادی شروع ہوتی ہے وہاں ہمیں ریگولیٹ کرنا ہوگا، سوشل میڈیا پر پابندیاں نہیں لگائیں گے بلکہ اسے ریگولیٹ کریں گے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عمران خان کو فول پروف سکیورٹی دی جا چکی ہے، عمران خان کی زندگی کو خطرے کے حوالے سے ہمارے پاس کوئی انٹیلیجنس اطلاعات نہیں۔ عمران خان کے خلاف کوئی مقدمہ بنانے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  کسی قسم کی کوئی انتقامی کارروائی نہیں کریں گے۔ سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ میں عمران خان نہیں کہ کسی کا نام لے کر کہوں اس کو پکڑوں گا اور نہیں چھوڑوں گا۔ اگر عمران خان کیخلاف بدعنوانی کا کوئی کیس آیا تو پہلے اسکی تحقیقات کی جائیں گی، کیس بنے گا تو پھر فیصلہ کریں گے کیا کرنا ہے، راولپنڈی رنگ روڈ میں کچھ شکایات آئی ہیں، بڑے عطیات اور چیک دیئے گئے جس کی انکوائری ضرور ہوگی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اداروں کی تذلیل نہیں ہونی چاہیے، ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ہم اداروں کو سپورٹ کریں گے، ایف آئی اے سمیت تمام اداروں میں اصلاحات ضرور لائیں گے۔وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ بلاول  بھٹو زرداری لندن میں نواز شریف سے ملنا چاہتے تھے۔ پی پی نے وزیراعظم کو بتایا ہے کہ بلاول بھٹو لندن سے واپس آکر حلف اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس بہت مضبوط ہے۔ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کا نام پرویز خٹک نے کمیٹی میں تجویز کیا تھا۔ 

وزیر داخلہ 

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...