سانحہ مری کیس، غیر قانونی عمارتوں، تجاوزات آپریشنز، ہوٹلوں کی تعداد بارے رپورٹ طلب

Apr 20, 2022


راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے سانحہ مری کیس میں غیر قانونی عمارتوں، تجاوزات کے خلاف آپریشنزاور مری میں ہوٹلوں کی مجموعی تعدادسے متعلق رپورٹ طلب کرلی اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور چیف میونسپل افسر مری کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا کیس کی مزید سماعت 20 اپریل بروز بدھ ہوگی منگل کو سماعت کے موقع پراسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب فرحت مجید چوہدری اوردرخواست گزاروں کے وکیل جلیل عباسی کے علاوہ محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر،ایس ڈی او ہائی وے اور ضلعی افسر ریسکیو مری عدالت میں موجود تھے اس موقع عدالت کی جانب سے پہلے سے طلب کردہ رپورٹس عدالت میں پیش کی گئیں جنہیں عدالت نے غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب اور ٹی ایم اے مری کے چیف افسر کو اصالتا طلب کرتے ہوئے سماعت آج (بروزبدھ )تک ملتوی کر دی عدالت عالیہ نے گزشتہ تاریخ پر ضلعی انتظامیہ کے لیگل ایڈوائزرسے 3 سال کے اندر مری میں اسسٹنٹ کمشنروںسمیت دیگر انتظامی افسران کی تیزی سے تبادلوں کی رپورٹ طلب کی تھی رضوان الٰہی ایڈووکیٹ اور بابرہ مختار ایڈووکیٹ نے آئین کی آرٹیکل199کے تحت حکومت پنجاب ،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ،اسسٹنٹ کمشنر ،مری پرائس کنٹرول مجسٹریٹ مری ، راولپنڈی کی ضلعی اور مری کی تحصیل انتظامیہ کے علاوہ وزارت سیاحت کو فریق بناتے ہوئے پٹیشن دائر کی تھی جس میں سانحہ مری کی تمام تفصیلات ، ہوٹلوں کے کرایوں،پارکنگ فیس اوراشیائے خوردونوش و اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کئی سو گنا اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے موقف اختیار کیا گیاتھاکہ ہائی وے پنجاب پٹرولنگ پولیس جو شہریوں کو درپیش کسی بھی ایمرجنسی اور ان کے تحفظ کی ذمہ دار ہے اس دوران مکمل غائب رہی رٹ میں کہا گیا ہے کہ مری میں اس طرح کی تمام غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کی جائے مری میں اشیائے خوردونوش اور اشیائے ضروریہ کے ریٹس مقرر کر کے ان پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے اور ہر چیز کی قیمت اس پر آویزاں کی جائے ہوٹلوں کی کیٹیگری اور معیار کے مطابق ان کے کرائے مقرر کئے جائیں اسسٹنٹ کمشنر مری کو پابند کیا جائے کہ وہ سانحہ کے دوران غیر قانونی اور غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کریں۔

مزیدخبریں